بلوچستان میں دہشتگردی: فائرنگ کے دو واقعات میں 7 افراد جاں بحق

زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 3 مزید افراد دم توڑ گئے

بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، گذشتہ روز دہشتگردوں نے ایران سے متصل بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا جس میں 10 جوان شہید ہوئے، اور آج سوئی کے مقام پر بارودی  سرنگ کے دھماکے میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزن سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ، جبکہ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر نامعلوم افرادکی فائرنگ میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر سریاب مل کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ 5 زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 3 مزید افراد دم توڑ گئے، حملے کے بعد دہشتگرد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعلیٰ بلوچستان نے استعفیٰ کیوں دیا؟ سینیٹر انوار الحق نے سب بتا دیا

شاہد آفریدی بلوچستان میں صاف پانی کی فراہمی کیلیے سرگرم

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کیچ کےعلاقے میں 25 اور 26 جنوری کی درمیانی دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پرحملہ کیا جس کے نتیجے میں 10فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا۔ فائرنگ کےتبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور کئی زخمی ہوئے جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران3؍ دہشت گردوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسزنے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج دہشت گردوں کےخاتمےکیلئے پرعزم ہے ہر قیمت پر دہشت گردی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر