خاران میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 مشتبہ دہشت گرد ہلاک
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور اہم شخصیات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
بلوچستان کے کاؤنٹر ٹیرر ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے بلوچستان کے ضلع خاران کے علاقے زرین جنگل میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 4 مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی حکام کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے خفیہ ایجنسی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے زرین جنگل کے علاقے میں چھاپہ مارا جہاں پر پہلے سے موجود دہشتگرد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے۔
یہ بھی پڑھیے
اسلام آباد جی سیون میں بااثر افراد نے میدان کو شادی ہال میں تبدیل کردیا
ضمنی انتخابات میں زیادہ محنت کرتے تو بہتر نتائج آسکتے تھے، رانا ثناء اللہ
کم از کم چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے فائرنگ کے تبادلے کے دوران کالعدم تنظیم کے چار مشتبہ دہشت گرد مارے گئے۔
حکام نے بتایا کہ مقابلے میں مارے گئے دو دہشتگرد گزشتہ سال نوشکی ایف سی کیمپ پر حملوں میں ملوث تھے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے مہلک ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ بھی برآمد ہوا ہے۔
حکام نے دعویٰ کیا کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور اہم شخصیات پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
کاؤنٹر ٹیرر ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ گروہ خاران میں پولیس اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔