لورالائی کے طلباء اپنے شہید استاد کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے میدان عمل میں اترآئے
پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کےتحت اسکول ٹیچر اسرار خان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں اسکول کے بچے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑ کرکے اپنے محبوب استاد کے قاتلوں کی گرفتاری کےلیے میدان عمل میں اتر آئے،اساتذہ اور طلباء نے حکومت اور مقامی انتظامیہ سے شہید اسکول ٹیچر کے قتل میں ملوث افراد کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے
بلوچستان کے ضلع لورالائی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق اسکول ٹیچراسرارخان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے ۔
پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کےتحت اسکول ٹیچر اسرارخان کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں نجی اسکولز کے سیکڑوں طلباء شریک ہوئے اور اپنے استاد کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔
یہ بھی پڑھیے
وائس چانسلر لورالائی یونیورسٹی کا قلعہ سیف اللہ کی تمام طالبات کی فیس معافی کا اعلان
احتجاجی ریلی میں بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی ) کے ضلعی صدراصغر خان اتمانخیل بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پرانہوں نے کہا کہ اسرار خان کا قتل انتہائی دلخراش اور افسوسناک واقعہ ہے ۔
اصغرخان اتمانخیل کا کہنا تھا کہ ہم اپنے علاقے کو بد امنی کا شکار نہیں ہونے دینگے۔ اسرارخان کے المناک قتل کے خلاف صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ نے نوٹس لیا ہے۔ جلد قاتل پکڑے جائیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرار خان کے درندہ صفت ،ظالم و جابر انسان کو زندہ یا مردہ گرفتار نہ کرلیا جائے اس وقت تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔ یہ اندوہناک واقعہ ہے ۔
اتمانخیل نے کہا کہ یہ صرف اسرارخان کا قتل نہیں بلکہ ہمارے بچوں کی تعلیم پر حملہ ہے۔ یہ ہمارے طلباء کے مستقبل پر حملہ ہے۔ طلباء ہمارا مستقبل ہے، ہم اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے وطن عزیز میں امن و امان کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہرایک نے اپنے استطاعت کے مطابق آگے آنا ہوگا کیونکہ ہم وطن سے ہیں اور وطن ہم سے ہے۔
یہ بھی پڑھیے
گورنمنٹ کالج لورالائی میں سائنسی نمائش، شرکاء طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں سےحیران
احتجاجی ریلی سے خطاب میں پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر شرف الدین مردانزئی نے کہا کہ انتہائی قابل استاد اسرار خان کی شہادت دلخراش واقعہ ہے۔ قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے ۔
شرف الدین نے کہا کہ طلباء اپنے استاد کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے اپنی تعلیم چھوڑ کر احتجاج کررہے ہیں۔ طلباء نے پیغام دے دیا کہ ہمارے استاد کے قاتلوں کو پکڑا جائے اور سزا دی جائے ۔
پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھیں اور ان کا قلعہ قمع کرکے ان کی حوصلہ شکنی کرنی چاہئے تاکہ ہمارا وطن امن کا گہوارہ بن جائے۔