بلوچستان: لسبیلہ میں گیس سلنڈر دھماکہ، 12 افراد جاں بحق ، متعدد زخمی
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لسبیلہ کے مین بیلہ بازار میں دھماکہ اس وقت ہوا جب فلنگ شاپ پر ری فلنگ کا آپریشن جاری تھا۔

بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے ، جبکہ متعدد زخمی افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 3 بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کےلیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ، شدید زخمی افراد کو کراچی میں کیا گیا تھا تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 12 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
دہشتگردی کی لہر میں تیزی، میرانشا خودکش حملے میں 3شہید، خضدار دھماکے میں 13زخمی
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق لسبیلہ کے مین بیلہ بازار میں دھماکہ اس وقت ہوا جب فلنگ شاپ پر ری فلنگ کا آپریشن جاری تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق گیس سلنڈر پھٹنے سے شعلے بلند ہوئے اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے دیگر سلنڈروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ، سلنڈر پھٹنے سے آس پاس کی دکانوں میں موجود متعدد افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جبکہ متعدد موٹرسائکلیں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔
بیلہ ۔منی اسٹاپ پر سیلنڈر دھماکہ
10 سے زاہد افراد زخمی ہوئے ایدھی ایمبولینس کے زرٸعے ہسپتال منتقل pic.twitter.com/cll71j2vha— Zayan Hasan (@ZayanHasan1) December 19, 2022
مقامی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ دو درجن سے زائد افراد جھلس کر شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں ان میں سے آٹھ افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت حاجی عمر، برکت رونجھا، محمد حیات، محمد اقبال، ظہور رونجاہ، ہدایت اللہ، محمد یعقوب اور محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔
سلنڈر پھٹنے سے زخمی ہونے والے تقریباً 25 افراد کو کل شام دیر گئے کراچی منتقل کیا گیا تھا جن میں سے چار آج صبح دم توڑ گئے اور 13 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
لسبیلہ پولیس کا کہنا ہے کہ سلنڈر پھٹنے کی وجوہات جاننے کے لیے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں ، تاہم ان کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے عنصر کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ تاہم حتمی اعلان مکمل انکوائری کے بعد کیا جائےگا۔