گوشوارے جمع نہ کرانے پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 21  قانون سازوں کی رکنیت معطل

رکنیت معطلی کے بعد الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز اور چیئرمین سینیٹ کو معطل ارکان کی فہرست بھجوا دی۔

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 6 سینیٹرز ، 3 ارکان قومی اسمبلی جب کہ تین صوبائی وزرا اور ایک مشیر سمیت 12 ارکان صوبائی اسمبلی کا قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شرکت اور اعتماد کے ووٹ سمیت قانون سازی کے عمل میں حصہ لینے کے حق سے محروم ہوگئے۔ الیکشن کمیشن نے گوشوارے جمع نہ کرنے پر رکنیت معطل کردی۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق سالانہ گوشواروں کی تفصیلات جمع  کرانے کی مدت 15 جنوری تھی تاہم اس دوران گوشوارے جمع نہ کروانے والے بلوچستان کے 21 پارلیمنٹیرینز کی رکنیت معطل کردی گئی جن میں 6 سینیٹرز احمد خان ، انوارالحق کاکڑ، عبدالقادر، مولانا عبدالغفور حیدری، منظور احمد کاکڑ ، سعید احمد ہاشمی ، 3 ارکان قومی اسمبلی وفاقی وزیر سردار اسرار ترین، مولانا عصمت اللہ، سید محمود شاہ، 12ارکان صوبائی اسمبلی اسمبلی مولوی نور اللہ، وزیراعلیٰ کے مشیر میر عمر جمالی، سردار یار محمد رند، عبدالواحد صدیقی، صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی، ملک نعیم بازئی، صوبائی وزیر مبین خلجی، میر عارف جان محمد حسنی، میر نعمت اللہ زہری، میر اکبر مینگل، صوبائی وزیر میر اکبر آسکانی اور میر حمل کلمتی شامل ہیں۔جنہوں نے اپنے اور اہلخانہ کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع نہیں کرائیں۔

یہ بھی پڑھیے

کمشنر لورالائی نے بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا

سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا صوبے میں نوکریوں کے فروخت کا انکشاف

الیکشن کمیشن کے مطابق معطل ارکان، قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ علاوہ ازیں معطل ارکان اعتماد کے ووٹ سمیت قانون سازی میں بھی شامل نہیں ہو سکتے۔

رکنیت معطلی کے بعد الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اسپیکرز اور چیئرمین سینیٹ کو معطل ارکان کی فہرست بھجوا دی۔

متعلقہ تحاریر