توشہ خانہ کیس: عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 28 فروری تک موخر
وکلا کی جانب سے حاضری استثنیٰ کی درخواست،الیکشن کمیشن کے وکیل کا اعتراض،9 سے 21 تاریخ تک عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آرہی ہیں، ایسے رہا تو ٹرائل لمبا ہوتا چلا جائےگا، جج کے ریمارس

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 28 فروری تک موخر کردی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیے
توشہ خانہ فوجداری کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور
توشہ خانہ کیس: لاہور ہائیکورٹ کا توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنے کا عندیہ
عمران خان کے وکیل گوہر علی خان اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے جب کہ عمران خان آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ وکلا کی جانب سے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے اعتراض کیا، ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کل لاہور ہائی کورٹ اپنے پاؤں پرکھڑے ہوکرگئے۔
عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ عمران خان زمان پارک سے لاہور ہائی کورٹ گئے، سکیورٹی کے باعث وقت لگا، اسلام آبادکچہری میں پیشی تھوڑی مشکل ہے، عمران خان کو ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا ہے، ڈاکٹروں کی ہدایت اور سیکیورٹی وجوہات کے باعث عمران خان نہیں آئے، ان پر انسداد دہشت گردی اور دیگر عدالتوں میں بھی کیسز ہیں، 28 فروری کو عمران خان کا ایکسرے ہو جائےگا۔
معزز جج نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ 28 فروری کو بھی ایکسرے ہونے ہیں؟ 9 سے 21 تاریخ تک عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں آرہی ہیں، ایسے رہا تو ٹرائل لمبا ہوتا چلا جائےگا۔
جج نے ریمارکس دیےکہ عمران خان کی پمز سے طبی رپورٹ بنوا لیتے ہیں، عمران خان کی میڈیکو لیگل رپورٹ دکھا دیں تاکہ انجری کی نوعیت دیکھ لیں، قانون کے مطابق کیس کی کاپیاں ملزم کو دی جاتی ہیں، عمران خان کو آج بھی ذاتی حیثیت میں عدالت نے طلب کر رکھا تھا، عمران خان کو ہر تاریخ پر حاضری سے استثنیٰ دیا جارہا ہے۔
جج نے عمران خان کے وکیل سےکہا کہ ہم مسلسل آپ لوگوں کی مان ہی رہے ہیں، صرف کاپیاں فراہم کرکے فرد جرم عائدکرنی ہے۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے وکلا کو کاپیاں فراہم کرنےکی ہدایت کردی۔
وکیل الیکشن کمیشن نےکہا کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ پر آج اعتراض نہیں کریں گے، اگلی سماعت پر عمران خان کی حاضری یقینی بنائیں۔عدالت نےکہا کہ28 فروری کی تاریخ دے دیتے ہیں، عمران خان کی حاضری یقینی بنائیں۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نےکیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔









