سیش کورٹ سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست مسترد
عمران خان کے وکلاء نے وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کرانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے ، جبکہ وکلاء کی ٹیم نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں اپنے خلاف جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ یہ مقدمہ الیکشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر عمران خان کے خلاف دائر پر قائم کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
جسٹس فائز عیسیٰ نے سپریم اور ہائیکورٹس کیساتھ معزز لفظ کا استعمال غلط قرار دے دیا
حکومت دہری مشکلات کا شکار؛ اسلام آباد میں 120روز میں بلدیاتی الیکشن کا حکم آگیا
ابتدائی سماعت کے دوران عمران خان کے وکلاء علی بخاری اور قیصر امام نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل اس وقت لاہور کے زمان پارک میں مقیم ہیں اور انہیں عدالت میں پیش ہونے کے مناسب طریقے سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔
عمران خان کے وکلاء کا کہنا تھا کہ ان کے موکل نے ہمیشہ عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کیا ہے اور ماضی میں ایسی درخواستوں پر کبھی بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے۔
وکلاء کا اپنے دلائل میں کہنا تھا اگر درخواست گزار عدالت میں پیش ہونے کے لیے تیار ہوتا تو پولیس اسے گرفتار نہیں کرسکتی۔
تاہم ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے ریمارکس دیے کہ سابق وزیراعظم کے وکلا 28 فروری کو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ان کے موکل عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔
عدالت نے عمران خان کے وکلاء کو مشورہ دیا کہ وارنٹ کی منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔
تاہم عمران خان کے وکلاء کا سیشن جج ظفر اقبال سے اصرار تھا کہ یہی عدالت عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردے۔
عدالت نے پیر کی صبح تقریباً 11:15 بجے فیصلہ محفوظ تھا جو اب سنا دیا گیا ہے ، جس میں عمران خان کی درخواست کو مسترد کردیا گیا ہے ، عدالت نے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے عمران خان کو کل ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی وکلاء ٹیم نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرانے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے وکلاء نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کے لیے درخواست کا مسودہ تیار کرلیا ہے۔ لیگل ٹیم کے ساتھ مشاورت کے بعد درخواست دائر کی جائے گی۔









