عمران خان کو 8 مقدمات میں مزید 2 ہفتے کی عبوری ضمانت مل گئی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 18 اپریل تک توسیع کردی، پی ٹی آئی چیف کو آج حاضری سے استثنیٰ بھی دیا گیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 18 اپریل تک توسیع کردی گئی جبکہ آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں بھی منظور کی گئیں۔

اسلام آباڈ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے عمران خان کی مختلف مقدمات میں درخواست ضمانت کی سماعت کی۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کی سیکیورٹی کا معاملہ؛ اسلام آباد ہائیکورٹ نے قوائد و ضوابط طلب کرلیے

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور ان کی جانب سے آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں تمام مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ 140 سے زائد بے بنیاد جعلی مقدمات درج کیے گئے۔

وکیل عمران خان بیرسٹرسلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ حتمی طور پر تو ہم نے ٹرائل کورٹ ہی جانا ہے، عید کے بعد دوسرے یا تیسرے ورکنگ ڈے تک ریلیف دے دیں، اتنے کیسز ہیں اور تفتیش بھی جوائن کرنی ہے۔

عدالت نے عمران خان کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامہ آرائی اور لیگی رہنما محسن شاہنواز رانجھا پر حملے سمیت 8 کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 18 اپریل تک توسیع کر دی۔

یاد رہے کہ عدالت نے عمران خان کی آج تک عبوری ضمانت منظور کر رکھی تھی جبکہ عمران خان کو شامل تفتیش اور ہر پیشی پر حاضر ہونے کی ہدایت کی تھی۔ دوران سماعت چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان آئندہ سماعت پر نہ آئے تو قانونی کارروائی ہوگی۔

متعلقہ تحاریر