اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف عدالتی فائل کی گمشدگی کا معاملہ نمٹادیا

جوڈیشل کمیشن میں پیشی کے دوران ہنگامہ آرائی پر عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت، فائل کی گمشدگی سنجیدہ معاملہ ہے، اسے ایک آزاد فورم ہی دیکھے گا، چیف جسٹس

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے موقع پر فائل کی گمشدگی کا معاملہ نمٹادیا ۔

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کے معاملے پر تحریک انصاف کےسربراہ عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پرآج اسلام آباد ہوئیکورٹ میں  سماعت   ہوئی ۔

یہ بھی پڑھیے

جلاؤ گھیراؤ، پولیس تشدد؛ پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانت میں 6 مئی تک توسیع

اتحادی حکومت اور تحریک انصاف کے مذاکرات میں مثبت پیش رفت کا امکان

سماعت کے موقع پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نےموقف اپنایا کہ جوڈیشل کمپلیکس واقعے پرمختلف لوگوں کیخلاف کیسز بنائے جاچکے،توہین عدالت کی علیحدہ کارروائی کی گنجائش نہیں، سارے کیس اب متعلقہ فورم پر چل رہے ہیں، یہاں الگ کارروائی چلی تو وہ کیسز متاثر ہوں گے،اس روز کیس کی فائل بھی گم ہوگئی تھی جو سنجیدہ معاملہ تھا۔کیس کی آرڈر شیٹ گم ہونے کا بھی اس سارے معاملے سے تعلق ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ یہ واقعی سنجیدہ معاملہ ہے، آرڈر شیٹ گم ہوجائے تو تحقیقات کون کرتا ہے؟ وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ایسی صورتحال میں سیشن جج تحقیقات کرسکتا ہے، مجھے بیرسٹر گوہرنے بتایا کہ فائل  ایس پی کو دی گئی تھی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ فائل کہاں گئی ، کیا ہوا؟ یہ معاملہ ایک آزاد فورم ہی دیکھے گا، عدالتی فائل کی گمشدگی پر کس کو کیا فائدہ ہوسکتا ہے؟بعدازاں چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کے  وکیل خواجہ حارث کی استدعا منظور کرتے ہوئے فائل گمشدگی کا معاملہ نمٹادیا۔

متعلقہ تحاریر