آئی ایچ سی کا عمران خان کل عدالت میں پیش ہونے کا حکم

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے موکل نے ابھی تک تفتیش بھی جوائن نہیں کی۔ عدالت میں حاضری چھوڑ بھی دیں تو جو شامل تفتیش نہیں ہورہے اس کا کیا کریں؟۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو کل عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر عمران خان کل پیش نہ ہوئے تو ان کی درخواست ضمانت مسترد تصور ہو گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات میں ضمانت درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت عمران خان کے وکیل نے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پیش کی اور بتایا کہ میرے موکل کی ٹانگ میں تکلیف ہے جس کی وجہ سے آج وہ عدالت حاضر ہونے سے قاصر ہیں۔ اس پر جسٹس گل حسن نے ریمارکس دیئے کہ ٹانگ میں درد ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے عشایئے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی عدم شرکت

وفاقی دارالحکومت میں عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کردی گئیں

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کی جانب سے شوکت خانم کینسر اسپتال کی میڈیکل رپورٹ جمع کرائی گئی جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ وکیل صاحب کیا آپ جانتے نہیں ہیں کہ میڈیکل رپورٹ صرف سرکاری اسپتال کی جمع کرائی جاتی ہے۔

جسٹس گل حسن نے ریمارکس دیئے وکیل صاحب آپ اگلی پیشی پر بھی ایسا ہی کریں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ کیس ہمارے سر سے اترے۔

اس پر عمران خان کے وکیل سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ دوبارہ میڈیکل گراؤنڈ پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست نہیں کروں گا۔ ان کا کہنا تھا گذشتہ روز عدالت سے واپسی پر دھچکا لگنے سے عمران خان کی ٹانگ میں سوزش ہو گئی ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اس پر پراسیکیوشن کی جانب سے اعتراض اٹھایا گیا کہ یہ لوگ ہر بار اپنے ہی ڈاکٹروں سے رپورٹس لے کر آجاتے ہیں ، جبکہ میڈیکل رپورٹ صرف اور صرف سرکاری اسپتال کی قبول ہوتی ہے۔

اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان اگر کل عدالت میں پیش نہیں ہوتے تو ان کی سات مختلف مقدمات میں استثنیٰ کی  درخواستیں مسترد تصور کی جائیں گی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے موکل نے ابھی تک تفتیش بھی جوائن نہیں کی۔ عدالت میں حاضری چھوڑ بھی دیں تو جو شامل تفتیش نہیں ہورہے اس کا کیا کریں؟۔

عدالت نے بڑے واضح ریمارکس دیئے اور آرڈر شیٹ میں بھی حکم لکھوایا گیا کہ اگر کل عمران خان پیش نہیں ہوتے تو ان کی عبوری ضمانت کی درخواستیں مسترد تصور ہوں گی۔

متعلقہ تحاریر