یوم صحافت پر ارشد شریف سے منسوب سیمینار میں جاوید لطیف اور غریدہ فاروقی کی شرکت پر ہنگامہ

نیشنل پریس  کلب میں ارشد شریف سے منسوب سیمینار میں صحافی غریدہ فاروقی اور لیگی رہنما جاوید لطیف کی شرکت پر ہنگامہ آرائی کی گئی، پی ٹی آئی رہنما مسرت چیمہ نے کہا  کہ ارشد شریف کے اہلخانہ کو تقریب کا بائیکاٹ کرنا چاہیے تھا

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں عالمی یوم صحافت کے موقع پر ارشد شریف کی یاد میں منعقد سیمینار میں مسلم لیگ نون کے رہنما جاوید لطیف اور اینکر پرسن غریدہ فاروقی کی شرکت پر ہنگامہ کھڑا ہوگیا ۔

عالمی یوم صحافت پر  اسلام آباد کے نیشنل پریس  کلب میں ارشد شریف کی یاد میں منعقد تقریب میں صحافی غریدہ  فاروقی  اور مسلم لیگ نو ن کے رہنما  جاوید لطیف کی شرکت پر ہنگامہ آرائی کی گئی ۔

یہ بھی پڑھیے

ارشد شریف قتل کیس: تحقیقاتی ٹیم سےآئی ایس آئی کے افسر کو نکالنے کی استدعا مسترد

ہم نیوز کے پروڈیوسر مغیث نے ٹوئٹر پر ایک وڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پریس کلب ارشد شریف کی نام سے منسوب تقریب میں  لیگی رہنما اور مختلف الخیال صحافیوں کی آمد پر احتجاج کیا گیا ۔

تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری مسرت چیمہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ  پروگرام میں کم از کم ارشد شریف کے اہلخانہ کو شریک نہیں ہونا چاہیے تھا جس میں قاتلوں کے سہولت کار موجود تھے ۔

عدیل راجا نامی ایک ٹوئٹر ہینڈل سے کہا گیا کہ پریس کلب والے ارشد شریف کے نام پر دن منا کر جاوید لطیف سے گرانٹ مانگ رہےتھے۔ جاوید لطیف کو بلایا کیوں گیا، سوال تو یہ ہے؟ گرانٹ کے لیے؟

نیشنل پریس کلب کے نائب صدر آصف بشیر چوہدری  نے کہا کہ ارشد شریف کے نام سے منسوب تقریب  پی ٹی آئی کے صحافتی ونگ نے مختلف الخیال صحافیوں اور جاوید لطیف پر اعتراض  کیا ۔

نیشنل پریس کلب کے صدر  افضل بٹ نے کہا کہ آزادی صحافت اور اظہارر ائے کی حمایت کرنے والوں کو مخالف سوچ کو سننے کا حوصلہ رکھنا چاہیئے۔ اختلاف رائے کے باوجود صحافی متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے  قتل نے مختلف الخیال  صحافیوں کو متحد کر دیا جبکہ مختلف نظریات والے  صحافی بھی باہمی اختلافات بالائے طاق رکھ کر ارشد کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے متحد ہوئے۔

سینئر صحافی علی رضاعلوی نے کہا کہ مہمانان سے بدتمیزی کرنے والے ڈیوٹی پر تعینات کچھ یوٹیوبرز سے صرف نظر نہیں کیا جانا چاہیے،اب  مخفی نہیں کہ اس طرح کی حرکتیں کس کے کہنے پر کرتے ہیں ۔

دوسری جانب پاکستان پریس فاؤنڈیشن (پی پی ایف) نے  عالمی یوم صحافت کے موقع پر مقتول صحافی ارشد شریف   کی صحافتی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے پریس فریڈم ایوارڈ برائے 2023‘ سے نوازا ۔

پاکستان پریس فاؤنڈیشن نے مطالبہ کیا کہ ارشد شریف کے قتل کی شفاف اور آزادانہ  تحقیقات کی جائیں ،انہیں پاکستان سے فرار ہونے پر مجبور کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔

متعلقہ تحاریر