سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کی مذمت

صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عابد زبیری نے احاطہ عدالت سے سابق وزیراعظم عمران خان کو گرفتار کرنے کے طریقہ کار پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملکی ادارے سیاسی آلہ کار مت بنیں، انہوں نے قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے رہنے کا عزم بھی ظاہر کیا

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ ایس سی بی اے کے صدر عابد زبیری نے کہا کہ  سابق وزیراعظم کو غلط انداز میں گرفتار کیا گیا ہے ۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن  نے سابق وزیر اعظم کو گرفتار کرنے کے طریقے کی مذمت  کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ ریاستی اداروں کو سیاسی آلے کے طور پر استعمال کرنے سے گریز کرے۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کی گرفتاری پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوپیماؤں نے غم و غصے کا اظہار کیا

سپریم کورٹ بار کے صدر عابد زبیری اور سیکرٹری مقتدیر اختر شبیر نے عمران خان کی گرفتاری کے انداز کی شدید مذمت کی  جس سے قانون کی حکمرانی کے حوالے سے خدشات پیدا ہوئے۔

ایس سی بی اے کے  اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صدر بیرسٹر عابد ایس زبیری اور سیکرٹری مقتدیر اختر شبیر نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھیں۔

سپریم کورٹ بار نے کہا کہ جمہوریت کے اصولوں کی پاسداری کریں، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ عدالتی عمل کو یقینی بنائیں۔ انسانی حقوق اور قانون کے احترام کے ماحول کو فروغ دینے پر توجہ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی گرفتاری جمہوریت کے اصولوں، آزادی اظہار اور اختلاف رائے کے حق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ دوران گرفتاری اہلکاروں نے وکلاء کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا ہے ۔

ایس سی بی اے نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے  عمران خان گرفتاری کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اس واقعہ کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں عدالت کا تقدس پامال کیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بار ایسوسی ایشن  قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور اداروں کی آزادی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سپریم کورٹ بار نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر