وفاقی حکومت نے شہریوں کو گھر بیٹھے پاسپورٹ کی تجدید کی سہولت فراہم کردی

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹر کا افتتاح کردیا جس سے عوام کو گھر بیٹھے اپنا پاسپورٹ تجدید کرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ویب پورٹل کے ذریعے صارف اپنا پاسپورٹ بھی ٹریک کرسکتا ہے

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے آن لائن پاسپورٹ کی تجدید کے کاؤنٹر کا افتتاح کردیا۔ شہری پاسپورٹ آفسز میں جائے بغیر پاسپورٹ کی آن لائن تجدید کرواسکے گے ۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے اندرون ملک آن لائن پاسپورٹ کی تجدید کی سہولت اور ای پاسپورٹ کی سہولت کیلئے پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹر کا افتتاح کیا۔

یہ بھی پڑھیے

تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزراء کے سفارتی پاسپورٹس منسوخ کردیئے گئے

پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹر کی افتتاحی تقریب سے  خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی سے ہمارے  پاسپورٹ سسٹم پر اعتماد مضبوط ہوگا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل اقدامات سے فراڈ اور شناخت کی چوری کے خطرات کو نمایاں طور پر کم کرے گا جس سے  پاسپورٹ سسٹم پر اعتماد بڑھے گا ۔

وفاقی وزیرداخلہ  نے کہا کہ ای پاسپورٹ کی سہولیات میں جدید ترین حفاظتی خصوصیات شامل  کی گئی ہیں جس میں بائیو میٹرک ڈیٹا، ڈیجیٹل دستخط، اور انکرپشن شامل ہے ۔

رانا ثنا ء اللہ نے کہا کہ پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹر کی اس سہولت کے تحت لوگ پاکستان بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں گئے بغیر اپنے پاسپورٹ کی آن لائن تجدید کر سکیں گے۔

لیگی رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ ڈیجیٹل تبدیلی سے نہ صرف لوگوں کا قیمتی وقت بچ جائے گا بلکہ یہ ای پاسپورٹ کے اجراء کے عمل کو بھی  انتہائی آسان بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ پروسیسنگ کاؤنٹرز کا دائرہ کار 30 شہروں تک بڑھایا جائے گا جس سے  عوام تک پاسپورٹ کی سہولت کی رسائی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیے

پاسپورٹ کی فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا جارہا، نادرا نے افواہوں کو مسترد کردیا

وفاقی وزیرکے مطابق ویب پورٹل کے ذریعے،درخواست دہندہ  درخواستیں جمع کروانے کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات کو اپ لوڈ کرنے اوردرخواست کو ٹریک کرنے کے قابل ہوں گے۔

انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے تعاون کی بھی تعریف کی اور اس میں شامل ٹیموں کی محنت اور لگن کو تسلیم کیا۔

متعلقہ تحاریر