اسلام آباد کی عدالتوں سے پی ٹی آئی چیئرمین کو 14 مقدمات میں عبوری ضمانت مل گئی

مختلف عدالتوں میں پیشی کے موقع پر آئی سی ٹی پولیس نے سخت حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا ہوا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ہمراہ دہشتگردی کے مقدمات سمیت 14 مختلف مقدمات میں عبوری ضمانتیں حاصل کرنے کے بعد لاہور روانہ ہوگئے۔

اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے سابق وزیراعظم عمران خان کی مختلف عدالتوں میں پیشی کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

9 مئی آتش زنی کیس: شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں 15 جولائی تک توسیع

توہین عدالت کیس: شیریں مزاری کی گرفتاری پر آئی جی اسلام آباد اکبر نواز کے معصومانہ جوابات

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان "دہشت گردی کیس” میں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش ہوئے جہاں اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل نے استدعا کی کہ تفتیشی افسر (آئی او) نے ان کے موکل کو تین مقدمات کی تفتیش میں شامل نہیں کیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کے جج نے دلائل مکمل ہونے پر عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 جولائی تک توسیع کر دی۔

عدالت نے تھانہ بارہ کوہ اور تھانہ کوہنہ میں درج دو مقدمات میں 10 جولائی تک عبوری ضمانت بھی منظور کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر سپرا کی عدالت نے چھ مختلف مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں بھی 10 جولائی تک توسیع کردی۔

ایڈیشنل سیشن جج طاہر سپرا نے سابق وزیراعظم کی اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاؤن میں درج دیگر دو مقدمات میں بھی 10 جولائی تک ضمانت منظور کر لی۔

ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں عمران خان کی 19 جولائی تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔

متعلقہ تحاریر