توشہ خانہ کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی ایک دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

توشہ خانہ کیس کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت ایک مرتبہ پھر سے کل تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہے۔ گذشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے تھے اور ان کی جانب سے یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سماعت کو 10 جولائی تک ملتوی کیے جائے۔

یہ بھی پڑھیے

اسلام آباد کی عدالتوں سے پی ٹی آئی چیئرمین کو 14 مقدمات میں عبوری ضمانت مل گئی

لال مسجد کے مولانا عبدالعزیز اور انکی اہلیہ ام حسان کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج

عدالت نے بیرسٹر گوہر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صرف ایک دن کے لیے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی تھی۔ تاہم آج بھی بیرسٹر گوہر عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور انہوں نے اپنے موکل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی، اور سماعت کو بھی ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔

بیرسٹر گوہر کی جانب سے عدالت میں یہ موقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے فرسٹ وکیل خواجہ حارث ذاتی مصروفیات کے باعث آج عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے، اس لیے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سماعت کو ملتوی کیا جائے۔

جس کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی۔

متعلقہ تحاریر