9 مئی کے پرتشدد واقعات: پی ٹی آئی سربراہ کا نام تیسرے مقدمے میں نامزد

راولپنڈی کے شالیمار چوک پر حساس تنصیبات میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا نام مقدمے میں درج کرلیا گیا۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا نام 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں قائم تیسرے مقدمے میں درج کیا گیا ہے۔

عمران خان کے خلاف راولپنڈی کے شالیمار چوک پر حساس تنصیبات میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

حساس عمارتوں میں توڑ پھوڑ کا مقدمہ پہلے ہی راولپنڈی کے سول لائنز تھانے میں درج ہے۔

سول لائنز تھانے میں درج ایف آئی آر کے مطابق تحریک انصاف کے پارٹی کارکنان حساس عمارتوں کے گیٹ توڑ کر اندر گھس گئے اور توڑ پھوڑ کی۔

یہ بھی پڑھیے

اے ٹی سی کا عمران خان کو جناح ہاؤس آتشزدگی کیس میں شامل تفتیش ہونے کا حکم

جہانگیر ترین کے بھائی عالمگیر ترین نے خودکشی کر لی

سابق وزیراعظم عمران خان پر اپنے کارکنوں کو تشدد پر اکسانے کا الزام ہے۔ کارکنوں نے سرکاری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر پیٹرول بم پھینک کر آگ لگا دی۔

اسی مقدمے میں 20 سے زائد افراد پہلے ہی نامزد ہیں جن میں سابق ایم پی اے عارف عباسی، زیاد کیانی اور اجمیر خان بھی شامل ہیں۔

سابق وزیراعظم عمران خان کو پہلے ہی جی ایچ کیو کے گیٹ کو نقصان پہنچانے اور حساس ادارے کے دفتر پر حملے کے مقدمات میں نامزد کیا جا چکا ہے۔

اس سے قبل جمعرات کو پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف 9 مئی کو گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں توڑ پھوڑ اور تشدد سے متعلق درج دو  مقدمات میں نامزد کیا گیا تھا۔

گوجرانوالہ میں قتل اور دہشت گردی کے مقدمے میں عمران خان کو نامزد کیا گیا۔ انہیں دفعہ 109 کے تحت مقدمے میں ضمنی بیان میں بطور ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

گوجرانوالہ میں راہوالی چیک پوسٹ پر 9 مئی کو حملہ کیا گیا تھا اور واقعے کا مقدمہ تھانہ کینٹ میں درج کیا گیا تھا۔

اس واقعے میں ایک پولیس رضاکار ہلاک اور 18 افراد زخمی ہوئے تھے۔ 10 مئی کو پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ فیصل آباد میں ایک اور کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین کو نامزد کیا گیا تھا۔ ان کا نام 9 مئی کے واقعہ کے مقدمات میں ضمنی رپورٹ میں شامل کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کو حساس ادارے کے دفاتر اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے گھر پر حملے کرنے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر