دہشتگردی کیس ، عمران خان کی ضمانت میں 12 ستمبر تک مزید توسیع

جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ یہ بتادیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دفع 506 کیسے لگائی گئی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے دہشتگردی کے مقدمے میں عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے مزید توسیع دے دی ہے۔

عمران خان کے خلاف دہشتگردی کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے کی۔

یہ بھی پڑھیے

توہین عدالت کیس: عدالتوں کی جانب سے ملزمان کو بار بار مواقع دینے کی ایک تاریخ ہے

اسلام آباد ہائی کورٹ کا توہین عدالت کیس میں عمران خان کو ایک اور موقع

اس موقع پر عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے استدعا کی کہ مقدمے میں شامل نئی دفعات شامل کی گئی ہیں ان میں بھی عمران خان کی ضمانت منظور کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی کے مقدمہ میں 506،504،186 اور 188 دفعہ شامل کی گئی ہیں۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ نئی دفعات کے حوالے سے نوٹ جاری کئے جائیں گے۔

عدالت کا کہنا تھاکہ عمران خان کے خلاف درج مقدمہ میں نئی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے کہا کہ اگر مقدمہ میں مزید دفعات بھی شامل کرنا ہیں تو بتا دیں ہر دو روز بعد نئی دفعات کا اضافہ اچھی بات نہیں۔

انسداد دہشتگردی کے جج کا کہنا تھا پولیس نے جتنی بھی دفعات لگانی ہیں ابھی سے لگا لیں۔ لیکن دہشتگردی کے علاوہ سارے سیکشن قابل ضمانت ہوں گے۔

جج راجہ جواد عباس کا کہنا تھا عمران خان کے خلاف درج مقدمے میں جو دفعات درج ہیں اس پر ضمانت منظور کرلیتے ہیں۔

جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ آپ یہ بتادیں کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف دفع 506 کیسے لگائی گئی۔

دہشت گردی عدالت میں صبح چیرمین تحریک انصاف کی ضمانت کی درخواست کی سماعت ہوئی تو پراسیکیوٹر نے کہا کہ پہلے ملزم کو عدالت پیش کریں پھر ہم بحث کریں گے ۔جس پر عدالت نے حکم دیا کہ عمران خان عدالت کے سامنے پیش ہوں۔

عمران خان کے وکیل بابراعوان نے کہا کہ آج دوپہر بارہ بجے تک کا وقت دیا جائے ان کے موکل پیش ہوجائیں گے۔بابر اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے،اگر ان کے موکل کو کچھ ہوا تو آئی جی اور ڈی آئی جی آپریشنز ذمہ دار ہونگے۔

وقفہ کے بعد سماعت شروع ہوئی تو چیرمین تحریک انصاف عمران خان عدالت کے روبرو پیش ہوگئے۔

عدالت کا دوران سماعت کہنا تھا کہ عدالت میں غیر متعلقہ افراد نہ آئیں۔

مقدمے میں حتمی دلائل آئندہ سماعت پر دیے جائیں گے۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت میں بارہ دن کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ تحاریر