سینٹورس شاپنگ مال میں آگ، نامعلوم افراد نے نامعلوم وجوہات پر لگائی

اسلام آباد پولیس کی جانب سے سینٹورس شاپنگ مال میں آتش زنی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے مال کو سیل کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے سینٹورس مال میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد وفاقی دارالحکومت کی تمام بڑی عمارتوں میں حفاظتی انتظامات اور آگ بجھانے سے متعلق سہولیات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کرلیا گیا جب کہ آگ لگنے کے واقعہ پر مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ آتشزدگی نہیں بلکہ آتش زنی کا واقعہ ہے۔

سینٹورس شاپنگ مال وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی ملکیت ہے۔ اسلام آباد کے سب سے بڑے نجی شاپنگ مال سینٹورس کی چوتھی منزل پر گزشتہ روز اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی، اس وقت مال میں ہزاروں افراد شاپنگ میں مصروف تھے۔

یہ بھی پڑھیے

سوات میں دہشتگردوں کی اسکول وین پر فائرنگ، ڈرائیور جاں بحق دو بچے زخمی

سینٹورس مال میں لگی آگ پر قابو پالیاگیا، تحقیقات تک پلازہ سیل

ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر دو گھنٹے میں قابو پایا لیا تھا۔ فائر بریگیڈ کے علاوہ پاک فضائیہ ، بحریہ اور ریسکیو 1122 نے بھی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔

اسلام آباد انتظامیہ نے آگ بجھائے جانے کے بعد سینٹورس شاپنگ مال اور اس سے منسلک رہائشی ٹاورز کو سیل کردیا جب کہ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

تھانہ مارگلہ میں درج  کی گئی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم شخص نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر سینٹورس شاپنگ مال میں آگ لگائی۔

شاپنگ مال کے جنرل منیجر کے مطابق آگ فوڈ کورٹ کے ایک ریسٹورنٹ کے باورچی خانے میں لگی جس سے دکانوں کو نقصان پہنچا۔

وفاقی دارالحکومت میں آتشزدگی کے اس واقعے کے بعد شہر کی تمام بڑی عمارتوں کو چیک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ جائزہ لیا جا سکے کہ کیا ان میں آگ بجھانے کے آلات موجود ہیں اور کیا وہ کام کر رہے ہیں۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ جن عمارتوں میں آگ بجھانے کے آلات قوانین کے مطابق نہ ہوئے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

سینٹورس شاپنگ مال میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے اسلام آباد انتظامیہ نے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو  آگ لگنے کی وجوہات، عمارت میں نصب حفاظتی آلات اور فائرالارم کی فعالیت ، آگ کے پھیلاؤ ، ممکنہ خطرات اور نقصانات کا تعین کرکے تین دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔

کمیٹی اس بات کا بھی جائزہ لے گی کہ کیا نجی شاپنگ مال کی انتظامیہ کی جانب سے ماضی قریب میں حفاظتی مشق کرائی گئی تھیں یا نہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کا کہنا ہے کہ احتیاطاً سینٹورس مال اور اس سے منسلک رہائشی ٹاورز کو سیل کیا گیا ہے، جب تک آگ لگنے کی وجوہات اور ٹاورز کی صلاحیت کے بارے میں ٹیکنیکل ٹیم کی رپورٹ نہیں آجاتی شاپنگ مال کو سیل رکھا جائے گا۔

وفاقی دارالحکومت کا سب سے بڑا شاپنگ مال سینٹورس وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی ملکیت ہے۔ آزاد کشمیر کے وزیر عبدالماجد خان نے نے الزام لگایا ہے کہ سردار تنویر الیاس تحریک انصاف کے رہنما ہیں۔ انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اگر جلد مال نہ کھولا گیا تو احتجاج کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر