پی ٹی آئی نے فیض آباد پر دھرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر کو درخواست دے دی

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف راستوں سے فیض آباد راولپنڈی تک پہنچنے کی اجازت دی جائے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد انتظامیہ سے ریلی اور دھرنے کیلئے 26 نومبر کو اسلام آباد اور راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد تک پہنچنے ، جب کہ قریب واقع پریڈ گراؤنڈ میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے اجازت مانگ لی۔

تحریک انصاف کی جانب سے درخواست اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے پارٹی صدرعلی نواز اعوان نے دی۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف راستوں سے فیض آباد راولپنڈی تک پہنچنے کی اجازت دی جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پریڈ گراؤنڈ میں ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے اجازت دی جائے، عمران خان ہیلی کاپٹر پر پریڈ گراونڈ میں اتر کر ریلی میں شریک ہونگے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی نے جلسہ کرنا ہے تو انتظامیہ کو نئی درخواست دے، اسلام آباد ہائی کورٹ

موٹروے پر دھرنے سے عوام کے حقوق متاثر ہوں گے، اسلام آباد ہائی کورٹ

پولیس نے اسلام آباد کے مکینوں کو متنبہ کیا ہے کہ 26 نومبر کو راولپنڈی سے اسلام آباد کے داخلی راستوں کو بند کیا جا سکتا ہے جس سے مشکلات پیش آسکتی ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے کہا ہےکہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن عامہ کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے پہلی مرتبہ 2017 اور دوسری مرتبہ نومبر 2020 میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہر راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد چوک پر دھرنا دیا تھا جو کئی روز جاری رہا تھا۔ جس کے سبب تعلیمی اداروں، اسپتالوں، دفاتر، ائیرپورٹ اور ریلوے اسٹیشن جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

متعلقہ تحاریر