اسلام آباد پشاور موڑ پر واقع سستے بازار میں آتشزدگی، 150 سے زائد دکانیں راکھ کا ڈھیر بن گئیں

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں۔

اسلام آباد کے ایچ نائن میں واقع پشاور موڑ کے اتوار بازار میں ایک مرتبہ پھر خوفناک آگ بھڑ اٹھی، جس سے سیکڑوں اسٹالز راکھ کا ڈھیر بن گئے، فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں اور ٹیمیں آگ پر قابو پانے میں مصروف ہیں۔

اسلام آباد کے علاقے ایچ نائن میں پشاور موڑ پر قائم سستے اتوار بازار میں ابتدائی تخمینے کے مطابق آگ لگنے سے کپڑے کے کئی اسٹالز سمیت ڈیڑھ سو سے زائد اسٹالز جل گئے۔

یہ بھی پڑھیے

اکتوبر میں وفاقی قرضوں کا حجم 50.15 کھرب روپے تک پہنچ گیا

پیاز لہسن اور ادرک کے کنٹینرز پھنس گئے، کمرشل بینکوں کا مالی وارنٹی دینے سے انکار

انسانیت ویلفیئر ٹرسٹ کے ریسکیو عملے کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا اب تک تعین نہیں کیا جا سکا، اتوار بازار میں آگ لگنے سے شعلے اور دھویں کے بادل تیزی سے بلند ہورہے ہیں، ریسکیو ٹیموں کی جانب سے آگ پر قابو پانے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ریسکیو کی مزید ٹیموں کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں۔

رانا ثناء اللہ نے ضلعی انتظامیہ سے آتشزدگی کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

اس اتوار بازار میں رواں برس ماہ اپریل میں بھی آگ لگ گئی تھی جس سے کئی اسٹالز جل گئے تھے۔

2019 میں اس اتوار بازار میں بدترین آتشزدگی کے سبب ہزاروں اسٹالز جلنے سے تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔ عوامی حلقوں اور تاجر برادری کا کہنا ہے کہ اس اتوار بازار میں حفاظتی انتظام نہ ہونے کے باعث کئی مرتبہ آگ لگ چکی ہے،مگر انتظامیہ اس طرح کی صورتحال سے نمٹنے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

متعلقہ تحاریر