عمران خان اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے گئے
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے توہین الیکشن کمیشن کے الزام میں عمران خان اور فواد چوہدری کے جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے تاہم ای سی پی حکام کو توہین الیکشن کمیشن کی کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے

لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے چیئرمین عمران خان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیئے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان اور فواد چوہدری کی گرفتاری کے احکامات معطل کرنے سے متعلق سماعت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے
توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان ، اسد عمر اور فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے عمران خان اورفواد چوہدری کی گرفتاری کے وارنٹ معطل کردیئے ہیں۔
عدالتی احکامات میں الیکشن کمیشن پاکستان کو توہین الیکشن کمیشن کی سماعت جاری رکھنے کی ہدایت بھی دی گئیں ہیں تاہم وارنٹ گرفتاری کو معطل کردیا گیا ہے ۔
عدالت نے سابق وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئندہ میڈیا پر عدالتوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تو توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی ۔
جسٹس صداقت علی خان نے کہا کہ عدالتوں سے ریلیف بھی حاصل کرتے ہیں جیسا کہ ابھی انہیں ریلیف دیا گیا مگر پھر بھی میڈیا پر بیٹھ پر عدالتوں کے خلاف ہی باتیں کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، فواد چوہدری اور دیگر پارٹی رہنما عوامی اجتماعات میں مسلسل چیف الیکشن کمشنر کو براہ راست تنقید کا نشانہ بناے رہے تھے ۔
یہ بھی پڑھیے
توہین الیکشن کمیشن کیس، عمران خان اور فواد چوہدری پیش نہ ہوئے، سماعت 13 دسمبر تک ملتوی
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اوردیگر رہنماؤں کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا پر الزامات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن نے انہیں توہین ای سی پی کے نوٹسز جاری کیے تھے ،
الیکشن کمیشن کی جانب سے متعدد مرتبہ نوٹسز جاری کرنے کے باوجود عمران خان نے صحت کے مسائل جبکہ فواد چوہدری نے والدہ کی طبیعت کی خرابی کے باعث پیش ہونے سے انکار کیا ۔









