بارسین: داسو ڈیم پر کام کرنے والے چینی ماہرین کے کیمپ میں خوفناک آتشزدگی
صبح ساڑھے4 بجے لگنے والی آگ نے بارسین میں واقع داسو پن بجلی منصوبے کےگودام اور رہائشی کیمپ کو راکھ کے ڈھیر میں بدل دیا، آگ 5 گھنٹے بعدقابو میں آئی،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تحقیقاتی کمیٹی قائم
لوئر کوہستان کے علاقے بارسین میں منگل کو رات گئے لگنے والی خطرناک آگ نے داسو ڈیم اور پپن بجلی منصوبے کے گودام اور چینی عملے کے رہائشی کیمپ کو جلاکر خاکستر کردیا۔
صبح 4:30 بجے کے قریب شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی آگ نے چینی انجینئرز اور ورکرز کے رہائشی کیمپوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیے
چین داسو اور مہمند پن بجلی منصوبوں پر کام کی رفتار سے مطمئن
تربیلا ڈیم سے بھل صفائی کے لیے 12 ارب ڈالرز خرچ آئیں گے، وزارت آبی وسائل
ریسکیو 1122 کے فائر ٹینڈرز اور اپر کوہستان اور لوئر کوہستان کے فائٹرز نے ہنگامی اطلاع پر موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو 1122، اپر کوہستان کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر خلیق داد نے بتایا کہ شعلوں نے پورے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور کیمپوں اور گوداموں کو جلا کر خاکستر کردیا۔
انہوں نے کہا کہ آگ پر مکمل طور پر قابو پانے میں پانچ گھنٹے لگے کیونکہ مختلف اضلاع کے فائر فائٹرز اور چینی کمپنیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا ۔عینی شاہدین کے مطابق آگ پر صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب قابو پالیا گیا اور چینی انجینئرز اور ورکرز کو قریبی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔
داسو ڈیم کے جنرل مینیجر انوارالحق نے صحافیوں کو بتایا کہ واقعے کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے جسے تین دن میں مکمل کر لیا جائے گا کیونکہ یہ ہمارے معیاری آپریشنل طریقہ کار کا حصہ ہے۔