پی ٹی آئی کے سابق رہنما پرویز خٹک نے نئی پارٹی کا اعلان کر دیا

تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وزیر دفاع نے اپنی پارٹی کا نام "پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز" کا رکھا ہے۔

خیبرپختونخوا کے سابق وزیر اعلیٰ اور عمران خان کے سابق ساتھی پرویز خٹک نے پیر کے روز اپنی سیاسی جماعت کا باضابطہ آغاز کردیا ہے ، جس کا نام پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز (PTIP) ہے۔

پرویز خٹک کی قیادت والی نئی پارٹی میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے سابق قانون سازوں نے بڑی تعداد میں پارٹی کو جوائن کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی پارٹی میں سابق پی ٹی آئی کے 57 اراکین نے شمولیت اختیار کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی ارکان کو بغاوت پر اکسانے پر پرویز خٹک کو شوکاز، سابق صوبائی صدر برہم

قابل ذکر ارکان میں ، سابق وزیراعلیٰ کےپی محمود خان ، اشتیاق ارمار، ضیاء اللہ بنگش، غزن جمال، آغا گنڈا پور، احتشام جاوید، اکبر، اور احمد حسین شاہ شامل ہیں۔

اس کے علاوہ فلک ناز، ابراہیم خٹک، آسیہ اسد، ملک جاوید اور ارباب وسیم نے بھی پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ محمود خان نئی بننے والی پارٹی کی صفوں میں شامل اہم شخصیات میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ 12 جولائی کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پرویز خٹک کی پارٹی کی بنیادی رکنیت فوری طور پر معطل کر دی تھی۔

تحریک انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں لکھا گیا تھا کہ پی ٹی آئی نے پرویز خٹک کو 21 جون کو ان الزامات پر شوکاز نوٹس جاری کیا تھا کہ انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو پارٹی چھوڑنے پر اکسایا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما پرویز خٹک جو اس سے قبل 2018 سے 2022 تک وفاقی وزیر دفاع کے عہدے پر فائز تھے، کو سابق قانون سازوں کو پارٹی چھوڑنے کی ترغیب دینے کے الزام میں پی ٹی آئی سے نکال دیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر