پشاور میں فائرنگ، سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد ہلاک
وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے آئی جی پولیس نے واقعے رپورٹ طلب کرتے ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔
صوبہ خیبر پختون خوا کے دارالحکومت پشاور کے علاقے بٹہ تل چوک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد ہلاک ہو گئے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق پشاور کے علاقے بٹہ تل چوک پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں جن کا تعلق سکھ برادری سے بتایا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
3 بچوں کے قتل کا ڈراپ سین، قاتل کو نوشہرہ پولیس نے گرفتار کر لیا
کراچی سے ایک اور لڑکی لاپتہ،کلفٹن تھانے میں اغوا کا مقدمہ درج
فائرنگ کے فوری بعد ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوتے ہی میڈیکل ٹیمیں موقعے پر پہنچ گئی اور ڈیڈ باڈی کو پولیس کی نگرانی میں ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے پشاور میں سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے انسپکٹر جنرل پولیس کو قتل میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کے لئے ضروری کاروائی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا ہے کہ واقعہ انتہائی قابل مذمت اور افسوسناک ہے، اس بہیمانہ قتل میں ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے۔
ان کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا، متاثرہ خاندانوں کو مکمل انصاف فراہم کیا جائے گا۔
محمود خان کا کہنا ہے واقعہ شہر کے پر امن ماحول اور بین المذاہب ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش ہے، صوبائی حکومت ایسی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیے گی، صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں اور سکھ برادری کے غم میں برابر کی شریک ہے۔