بم پٹاخے یا فائرنگ کا معاملہ، پولیس کا یوٹرن ، تین دُلہوں پر ایف آئی درج

ایس ایچ او جمرود شاہ خالد تھانہ جمرود نے کہا ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے کیا امیر کیا غریب۔

ضلع خیبر: دفعہ 144 کی سرعام خلاف ورزی ، پولیس کی جانب سے فائرنگ کو بم پٹاخے قرار دے کر معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش ، سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے معاملے اٹھائے جانے پر پولیس کا یوٹرن ، رات ایک بجے تین دُلہوں پر ایف آئی آر درج کر لی۔

کل رات ضلع خیبر تھانہ حدود جمرود کے علاقہ نئی آبادی میں شادی کی تقریب میں شدید ہوائی فائرنگ کی جارہی تھی. ہوائی فائرنگ کی گولیاں مقامی گھروں میں گرنے لگیں جس کی وجہ سے  لوگوں میں کافی خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

خیبرپختونخوا کے وزراء، مشیروں اور اراکین اسمبلی کی لانگ مارچ میں شرکت لازمی قرار

وزیراعلیٰ محمود خان سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے بچے کیلئے مسیحا بن گئے

مقامی لوگوں نے سوشل میڈیا پر فائرنگ بارے آوازیں اٹھائیں اور ہر کسی نے گھر سے فائرنگ کی ویڈیوز بنالیں۔ مقامی صحافی کاشف کوکی خیل نے ایس ایچ او جمرود کا موقف لینے کے لیے رابطہ کیا اور سوال کیا کہ یہ فائرنگ کیوں ہورہی ہے؟

ایف آئی آر

ایس ایچ او جمرود نے فائرنگ کا لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بم پٹاخے چلائے جارہے ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر مزید ویڈیوز اپلوڈ ہونا شروع ہوگئیں جس میں بندوق اور بڑے مشین گنز کی آوازیں واضح سنی جارہی تھیں۔

تحقیقات کے نتیجے میں پتا چلا کہ سابقہ ایم این اے شاہ جی گل ، سابقہ سینیٹر الحاج تاج محمد ، ایم پی اے بلاول ، ایم پی اے شفیق شیر اور تحصیل چئیرمن سید نواب کے بھانجے کی شادی کی تقریب کی خوشی میں فائرنگ کی جارہی تھی۔

علاقائی لوگوں نے جمرود پولیس کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک ٹرینڈ چلانا شروع کردیا کہ "ہوائی فائرنگ امیر کرے تو بم پٹاخے ، غریب کرے تو دولہا گرفتار ہوجاتا ہے۔”

سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلنے پر ایس ایچ او بھاری نفری سمیت شادی والے گھر پہنچ گئے۔ پولیس نے استفسار کیا کہ ہوائی فائرنگ کس نے کی؟ بندوقیں کہاں ہیں؟ تاہم خاطرخواہ جواب نہ ملنے پر رات ایک بجے تین دلہوں کے خلاف ایس آئی خالد آفریدی کی مدعیت میں تھانہ جمرود میں ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

ایس ایچ او جمرود شاہ خالد نے نیوز 360 کے نامہ نگار سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے. ہوائی فائرنگ کے موقع پر کسی اور جگہ پر نفری کے ہمراہ ناکہ بندی میں مصروف تھے اس لئے تھوڑا لیٹ ایکشن لیا. انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لئے امیر غریب سب برابر ہیں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے.

متعلقہ تحاریر