صدر پاکستان کی فضل الرحمان کے سمدھی غلام علی کی گورنر کے پی تعیناتی کی منظوری
جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حاجی غلام علی کے بطور گورنر کے پی تعینات کرنے کی سفارش وزیراعظم سے کی تھی۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر جمعیت علماء اسلام (ف) کے غلام علی کی بطور گورنر خیبر پختون خوا کی تعیناتی کی سمری کو منظور کرتے ہوئے دستخط کردیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
کے پی میں آزادی مارچ کیلئے تیاریاں مکمل، وزراء اور ارکان اسمبلی سے چندہ طلب
توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کے فیصلے پر لاہور ہائیکورٹ کا فل کورٹ بینچ تشکیل
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر اور سربراہ جمعیت علماء اسلام مولانا فضل الرحمان نے سابق ضلعی ناظم اور جمعیت علماء اسلام کے رہنما حاجی غلام علی کو اس عہدے کے لئے نامزد کیا تھا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بھیجی گئی سمری میں آئین آرٹیکل 101 کے تحت حاجی غلام علی کو گورنر خیبر پختون خوا تعینات کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔
یاد رہے خیبر پختونخواہ کے گورنر شاہ فرمان کے استعفیٰ کے بعد گورنر کا عہدہ گزشتہ کئی ماہ سے خالی تھا جس پر تقرری کے سلسلہ میں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اتحادیوں جماعتوں سے مشاورت بھی ہو رہی تھی۔
واضح رہے کہ دو جون کو اتحادی جماعتوں کے مابین گورنر خیبر پختون خوا کی تعیناتی پر مشاورت ہوئی تھی جس میں گورنر شپ کا عہدہ جے یو آئی (ف) کے حصے میں آیا تھا تاہم اس وقت حاجی غلام علی اور اکرام درانی نے عہدہ لینے سے انکار کیا تھا اور بعد میں مشاورت اور آصف علی زرداری کی کوششوں سے گورنر شپ کا عہدہ عوامی نیشنل پارٹی کو دینا کا فیصلہ کیا گیا تھا. تاہم ایک بار پھر مولانا فضل الرحمن کی نامزد کردہ حاجی غلام علی کو گورنر بنا دیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی راجدھانی
اس وقت جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی عطاالرحمان سینیٹر ، دوسرا بھائی لطف الرحمان رکن صوبائی اسمبلی ، بیٹا اسعد محمود وفاقی وزیر مواصلات ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کی سسٹر ان لا ریحانہ اسماعیل رکن صوبائی اسمبلی ، سمدھی کا بیٹا زبیر علی میئر پشاور ہیں۔
اور اب مولانا فضل الرحمان کی درخواست پر وفاقی حکومت نے ان کے سمدھی غلام علی کو گورنر خیبر پختونخوا تعینات کردیا ہے۔