برگئی پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 پولیس اہلکار جاں بحق ، 4 زخمی

دور افتادہ پولیس اسٹیشن پر حملے کے لیے دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں اور ہینڈگرنیڈز کا استعمال کیا۔

گذشتہ رات لکی مروت کے دور افتادہ علاقے برگئی میں دہشتگردوں نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا ، حملے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار شہید جبکہ چار زخمی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

مذکورہ حملہ غزنی خیل تھانے کی حدود میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام اللہ مروت کے قتل کے تقریباً ایک ہفتے بعد ہوا ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے بنوں اور لکی مروت کے دور افتادہ علاقے میں واقع بارگئی تھانے پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ حملے کے بعد دہشتگرد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

سی ویو پر کار میں لڑکی سے اجتماعی زیادتی ، 3ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار

فیصل آباد کے تاجر شیخ دانش کے ظلم کا شکار خدیجہ نے خدیجہ کو وکیل کرلیا

میڈیا رپورٹس کے مطابق رات کے اندھیرے میں دہشت گردوں نے بارگئی تھانے پر حملہ کرنے کے لیے دستی بموں اور راکٹ لانچروں کا استعمال کیا۔

حملے کے فوری بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ، جنہوں نے زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کانسٹیبل ابراہیم، سبز علی، عمران اور خیر الرحمان کے ناموں سے ہوئی ہے ، جب کہ زخمی ہونے والوں کی شناخت گل صاحب خان، کانسٹیبل بلقیاس، امیر نواز اور فرمان اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ 16 نومبر کو تھانہ ڈڈی والا کی حدود میں چوکی عباس خٹک کے قریب دہشتگردوں کے حملے میں 6 پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے تھے۔

بعد ازاں مقتول پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں سول اور ملٹری کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی تھی۔

متعلقہ تحاریر