پی ٹی آئی کی خواتین نے رضاکارانہ گرفتاریاں دینے کی اجازت طلب کرلی
تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں اور کارکنان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی اور رضا کارانہ گرفتاریاں دینے کی اجازت طلب کی،خواتین ورکرز نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں بھی کردار ادا کرنا چاہیں گی

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا اعلان کے بعد خواتین ہراول دستے کے طور پر سامنے آگئیں۔ خواتین نے رضا کارانہ گرفتاریاں دینے کی اجازت طلب کرلی۔
تحریک انصاف کی خواتین رہنماؤں اور کارکنان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کی اور رضا کارانہ گرفتاریاں دینے کی اجازت طلب کی۔
یہ بھی پڑھیے
90 روز میں انتخابات نہ ہوئے تو جیل بھرو تحریک شروع کردیں گے، عمران خان
چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کے دوران خواتین رہنما ؤں اور کارکنوں نے جیل بھرو تحریک کا حصہ بنانے اور رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دینے کی اجازت دینے کی استدعا کردی ۔
پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے خواتین کارکنان کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کارکنان نے سیاسی جدوجہد کے ہر مرحلے پر نہایت مؤثر کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر ذہن سازی اور سیاسی مکالمے میں خواتین کا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے۔ خواتین کارکنان حقیقی آزادی کا پیغام گھر گھر لیکر جائیں اور قوم کو تیار کریں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ،سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔
عمران خان سے ملاقات کے دوران خواتین رہنماؤں اور کارکنان نے جیل بھرو تحریک میں صفِ اوّل میں کردار ادا کرنے اور ملک بھر سے گرفتاریاں دینے کا حلف اٹھایا ۔
پاکستان تحریک انصاف کی پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں نے کہا کہ قوم کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں حقیقی آزادی کی تحریک میں اپنے قائد عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔
خواتین ورکرز نے کہا کہ25 مئی کے اسلام آباد لانگ مارچ میں خواتین نے بدترین ریاستی جبر کا پوری ہمت سے سامنا کیا اب جیل بھرو تحریک میں بھی کردار ادا کرنا چاہیں گی۔









