سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نیب اور ایف آئی اے کے ریڈار پر آگئے
چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور علی سرفراز کی سفارش پر پرویزالہی پر کرپشن الزامات سمیت اہم انکوائریوں کی منظوری دی جبکہ آڈیو اسکینڈل کے حوالے سے ایف آئی اے نے بھی تفتیش شروع کردی
پاکستان مسلم لیگ قاف (پی ایم ایل کیو) کے رہنما سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نیب کی انکوائری اور ایف آئی اے کی تحقیقات کی وجہ سے دوہری مصیبت کا شکار ہوگئے ۔
قومی احتساب بیورو نے پرویز الہیٰ کے خلاف مبینہ کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کی منظوری دے دی جبکہ آڈیو اسکینڈل کے حوالے سے ایف آئی اے نے بھی تفتیش شروع کردی ۔
یہ بھی پڑھیے
مبینہ آڈیو لیک کا معاملہ: مونس الہیٰ اور وجاہت حسین کے خلاف مقدمہ درج
قاف لیگ کے رہنما پرویز الہیٰ پر پنجاب کے سرکاری اداروں میں مبینہ کرپشن اور ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے مبینہ الزامات پر قومی احتساب بیورو کے ریڈار پر آگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کے خلاف باقاعدہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ چوہدری پرویز الہٰی کو نیب کی جانب سے طلب کئے جانے کا امکان ہے۔
چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب لاہور علی سرفراز کی سفارش پر پرویزالہی پر کرپشن الزامات سمیت اہم انکوائریوں کی منظوری دی ہے ۔سابق ایکسین ہائی وے رانا اقبال کے الزامات پر انکوائری شروع کی۔
دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کی مبینہ آڈیو لیک پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے بھی تحقیقات شروع کردیں ہیں ۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ آڈیو لیکس ایک سنجیدہ معاملہ ہے، اس کا فرانزک ہونا چاہیے، اگر یہ آڈیوز درست ہیں تو اس پر قانون کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیے
فواد چوہدری پاکستان کا ہیرو ہے پرویز الہیٰ کے بیان پر دکھ ہوا، حماد اظہر
انہوں نے کہا کہ اس آڈیو کے معاملے پرچیف جسٹس سے بھی بات ہونی چاہیے جبکہ وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی پرویز الہی کی آڈیولیکس کی مکمل و شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔
یاد رہے کہ پرویزالہی کی مبینہ ٹیپ آئی جس میں وہ اعلیٰ عدلیہ کے جج کے ساتھ میچ فکسنگ کی کوشش کررہے ہیں۔یہ عدلیہ کے کردار پر ایک سوالیہ نشان بن کر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرجھوٹی ٹیپ ہے توعدلیہ کو نقصان پہنچانے والوں کو سزا ملنی چاہیے اور اگر ٹیپ سچی ہے تو یہ عدالت عالیہ کے اوپر ایک بڑا دھبہ ہوگی۔