مظفر گڑھ میں سستے آٹے کیلیے ذلیل و خوار ہونے والے شہریوں پر لاٹھی چارج
واقعے کی وڈیو وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی حکومت اور پولیس پر کڑی تنقید، ڈی پی او کا نوٹس، انکوائری کمیٹی قائم کردی

مظفر گڑھ میں سستے آٹے کیلیے ذلیل و خوار ہونے والے غریبوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا۔
شہریوں پر پولیس تشددد کی وڈیو وائرل ہونے پرڈی پی او مظفر گڑھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ میں آٹے کا سنگین بحران، سکھر میں ڈاکوؤں نے آٹے کا اسٹال لوٹ لیا
میرپورخاص میں آٹے کے حصول کیلئے آنے والے شخص کو آٹا نہیں موت مل گئی
ملک میں جاری کمر توڑ مہنگائی اور آٹے کی روز بروز بڑھتی قیمتوں نے عوام کو سستے آٹے کی قطاروں میں ذلیل و خوار ہونے پر مجبور کردیا ہے۔مظفر گڑھ میں سرکار کی جانب سے فروخت کیے جانے والے سستے آٹے کا ٹرک پہنچا تو شہریوں کی بڑی تعداد آٹا خریدنے پہنچ گئی۔
مظفرگڑھ میں سستا آٹا لینے کیلئے آنے والے شہریوں پر پولیس کا تشدد۔۔!! pic.twitter.com/wNE5gK2vV5
— Mughees Ali (@mugheesali81) February 24, 2023
اس موقع پر شہریوں کا رش بڑھنے اور چھینا جھپٹی شروع ہونے پر پولیس نے خریداروں پر لاٹھی چارج شروع کردیا۔سستا آٹا خریدنے کے خواہمشند غریبوں پر پولیس تشدد کی وڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوگئی جس پر صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہارکرتے ہوئے حکومت اور پولیس کو تنقید کانشانہ بنایا۔
مظفرگڑھ، آٹے کی تقسیم میں بدنظمی پر پولیس اہلکار کی آٹا لینے والوں پر تشدد پر ڈی پی او کا نوٹس، ڈی پی او نے ایس ڈی پی او ریحان الرسول خان لو انکوائری افسر مقرر کردیا، انکوائری کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائیگی، غیر انسانی سلوک قابل برداشت نہیں، ڈی پی او رضا صفدر
— Muzaffargarh Police (@MuzaffargarhP) February 24, 2023
ڈی پی او مظفر گڑھ رضا صفدر نے وڈیو وائرل ہونے پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شہریوں پر تشدد کی انکوائری کیلیے ایس ڈی پی او ریحان الرسول خان کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی۔ڈی پی او کا کہنا ہے کہ انکوائری کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی،غیرانسانی سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔