پنجاب اسمبلی کے انتخابات؛ نون لیگ اور پی ٹی آئی متحرک، کاغذات نامزدگی بھی جمع

پنجاب میں عام انتخابات کا میدان سجنے لگا ہے، نون لیگ اور پی ٹی آئی امیدواروں نے کاغذات نامزگی جمع کروادیئے جبکہ تحریک انصاف نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو خط لکھ کر الیکشن کیلئے عدالتی افسران تعینات کرنے کی استدعا کی ہے

پنجاب میں عام انتخابات کا میدان سجنے کے اشارے ملنے لگے۔ مسلم لیگ نون کی سینئر نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں جبکہ تحریک انصاف نے بھی ہائیکورٹ کو خط  لکھ دیا ہے ۔

پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ن) نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ الیکشن میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں سے درخواستیں بھی طلب کر لی  گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں عام انتخابات کے لیے انتخابی شیڈول جاری کردیا

مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ نے بھی کاغذات جمع کروائیں ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے  پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند مسلم لیگی  امیدواروں سے  18 مارچ  تک  درخواستیں  طلب  کرلیں ہیں ۔

تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ اوران کے صاحبزادے چوہدری مونس الہیٰ نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں، دونوں رہنماؤں نے کاغذات نامزدگی بذریعہ وکیل جمع کروائے۔

پرویز الہیٰ پی پی 34 جبکہ مونس الہیٰ نے پی پی 32 سے امید وار ہونگے۔ تحریک انصاف کے ضلعی صدر چوہدری سلیم سرور جوڑا پی پی 33 سے الیکشن لڑیں گے جبکہ ان کے  بیٹے نے بھی کاغذات نامزدگی جمع  کروائے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کیا ۔پنجاب میں کاغذات نامزدگی 16 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے  جبکہ مخصوص نشستوں پر فہرستیں 16 مارچ تک جمع کروائی جاسکیں گی۔

الیکشن  کمیشن پاکستان(ای سی پی ) کا کہنا ہے کہ  کاغذات نامزدگی کے وقت میں اضافہ امیدواروں کی سہولت کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے۔  پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات کا میدان 30 اپریل کو سجے گا ۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں استدعا کی ہے کہ صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے عدالتی افسران نامزد کیے جائیں۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عدالتی افسران پر مشتمل ڈی آر اوز اور آر اوز کے ذریعے ہی انتخابات کرائے جاتے ہیں اس لیے پنجاب اسمبلی کے الیکشن میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے ایسا ہی کیا جائے۔

متعلقہ تحاریر