زمان پارک آپریشن: توہین عدالت کیس کی سماعت کل تک ملتوی
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کی درخواست پر آئی جی پنجاب ، چیف سیکریٹری پنجاب اور سی سی پی او سمیت دیگر فریقین سے کل تک جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زمان پارک آپریشن کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی زمان پارک آپریشن کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس طارق سلیم شیخ نے کیس کی سماعت کی، عدالت نے آئی جی پنجاب سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔
زمان پارک میں آپریشن کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کے موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان روسٹرم پر آئے، چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ میری بیوی گھر میں تھی ، میرے گھر کے شیشے توڑ دیے ، بیوی پردہ دار خاتون ہیں انکی چیخوں کی آواز کیمرہ میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کرلی
لاہور ہائیکورٹ کی 20 ایڈیشنل سیشن ججز اور 26 سول ججز کی تقرری کی منظوری
عمران خان کا کہنا تھا کہ آج میں چھپ کر عدالت پہنچا ہوں، اس گاڑی میں آیا ہوں جس کو کوئی نہیں جانتا، بغیر کسی قافلے کے آیا ہوں ، میں اسلام آباد ٹول پر پہنچا تو انہوں نے میرے گھر پر حملہ کردیا۔ اسلام آباد جگہ جگہ روکاوٹیں لگا کر مجھے روکا گیا تاکہ عدالت نہ پہنچ نا سکوں۔ حکومت نے دنیا کو کیا پیغام دیا ہے، یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ہے یہی پیغام دیا، عدالت نے سرکاری وکیل کو زمان پارک آپریشن سے متعلق ہدایات لیکر پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے اپنے کہا کہ میڈیا پر بیٹھ کر جو عدلیہ کو مذاق بنا رہے ہیں انکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کروں گا ، اگر تمام فریقین نے عدلیہ کی عزت نہ کی تو پھر توہین عدالت کی کارروائی کروں گا۔ ہم نے قانون کے مطابق کارروائی کرنی ہوتی ہے ہم صرف قانون کی بات کرتے ہیں۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے جسٹس طارق سلیم شیخ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ کیس دوسری عدالت میں منتقل کیا جائے جس پر عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پر اظہار ناراضگی کیا اور کہا کہ کس بات پر آپکو عدالت پر اعتماد نہیں ہے یہ تو پہلے کا فیصلہ ہے اگر اس طرح کا آئندہ معاملہ ہوا تو میں توہین عدالت کی کارروائی کروں گا، ازخود نوٹس لیکر بھی کارروائی کی جاسکتی ہے ، یہ کیس پہلے کا چل رہا ہے عدالتی حکم بھی پہلے کا ہے ، لہذا آپ عدلیہ کی توہین نہ کریں۔
ہم نے بار بار آپکو مقدمات کے ریکارڈ کے لیے نوٹسز کیے ہیں آپ مہلت مانگ رہے ہیں ، واٹس ایپ کا جدید دور ہے آپ کاپی واٹس کے ذریعے مانگوا لیں۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان کی زمان پارک آپریشن کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔