عمران خان کے بھانجے حسان نیازی 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

انسداد دہشت گردی نے عدالت نے حسان نیازی کا 14 روزہ جوڈیشل جبکہ 2 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا، کراچی پولیس حسان نیازی کو گرفتار کرنے لاہور پہنچ گئی ہے

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کو 14 روزہ جودیشل جبکہ 2 روزہ راہداری ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے والد اور اہلخانہ سے ملاقات کروانے کی اجازت دے دی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مستردکرتے ہوئے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

کوئٹہ پولیس نے حسان نیازی کو ضمانت ملنے کے فوری بعد دوبارہ گرفتار کر لیا

دوران سماعت تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم حسان نیازی کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ کروانا ہے جبکہ لیپ ٹاپ اور موبائل برآمد کرنا ہے، لہذا جسمانی ریمانڈ دیا جائے ۔

حسان نیازی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل پر بدنیتی پر مبنی درج ایف آئی آر پر اٹھایا گیا ہے ۔ مقدمہ سیاسی طور پر بنایا گیا جوکہ مکمل غلط ہے جبکہ گرفتاری غیر قانونی ہے۔

عدالت نے پولیس کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حسان نیازی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے ان کو والد اور اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دے دی۔

انسدادہشتگردی کی عدالت کی جانب سے راہداری ریمانڈ کے بعد کراچی  کی پولیس  حسان نیازی کو لینےعدالت پہنچی۔ حسان نیازی کو 2 دن کے راہداری ریمانڈ پر کراچی پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

یاد رہے کہ عمران خان کے بھانجے حسان نیازی کیخلاف کراچی میں مقدمہ درج  ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حسان نیاز کی جانب سے سوشل میڈیا پر شئیر ویڈیو میں عوام کو بغاوت پر اکسایا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق حسان نیازی نے ملکی دفاعی اداروں کو مخاطب کرکے دھمکایا اور کہا کہ عمران خان گرفتار ہوا تو کسی حاجی یا حافظ کا خیال نہیں رکھا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر