عمران خان کا اپنے خلاف درج مقدمات کے اخراج کیلئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع

چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ 121 جھوٹے مقدمات درج کر دیئے گئے ہیں یہ آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

سابق وزیر اعظم  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے خلاف درج مقدمات کے اخراج کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع  کر لیا ہے.

عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں درج مقدمات کو چیلنج کیا گیا۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور سیاسی بنیادوں پر ایک ہی نوعیت کے مقدمات درج کر کے ہراساں کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم کا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس واپس لینے کا اعلان

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا

درخواست میں بتایا گیا کہ ایک سو سے زائد مقدمات درج کیے گیے جو اختیارات کا غیر قانونی استعمال ہے۔

درخواست میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ 121 جھوٹے مقدمات درج کر دیئے گئے ہیں یہ آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی عمران خان کیخلاف تمام مقدمات کو خارج کرنے کا حکم دیا جائے اور  درخواست پر حتمی کارروائی تک درج مقدمات میں گرفتار سے روکا جائے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر بھی بطور درخواست دہندہ چیئرمین عمران خان کے ساتھ ہیں۔ درخواست آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں وفاقِ پاکستان، الیکشن کمیشن، وزیراعظم، وزیرِ داخلہ اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب، نیب، ایف آئی اے اور پیمرا کو بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست بیرسٹر سلمان صفدر اور بیرسٹر سمیر کھوسہ کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ہمیں ایک منظم طریقے سے انتخابی عمل میں شرکت سے روکنے کیلئے عمران خان کیخلاف انتقامی اقدامات کیے جارہے جن کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر