عمران خان کے وکیل اظہر صدیق کے گھر پر پیٹرول بموں سے حملہ

سابق وزیراعظم عمران خان، پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری، حماد اظہر نے  اظہر صدیق کی رہائش گاہ پر پیٹرول بم حملے کی مذمت کی، اظہر صدیق کا کہنا ہے کہ ڈرنے والا نہیں، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے وکیل محمد اظہر صدیق نے کہا  ہے کہ ان کے گھر پر پیٹرول بم حملہ کیا گیا، سابق وزیراعظم عمران خآن سمیت پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے حملے کی مذمت کی ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کی مختلف مقدمات میں پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ اظہر صدیق کے گھر پر پیٹرول بم حملہ کیا گیا ہے تاہم حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اظہر صدیقی نے اسے دہشتگردی قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کی دو مقدمات میں ویڈیو لنک پر حاضری کی درخواست منظور ، عبوری ضمانت میں ایک روز کی توسیع

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے وڈیو پیغام میں اظہر صدیق نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ہم ڈر جائیں گے،ایسا نہیں ہے ، ہم ڈرنے والوں میں سے نہیں ہیں، اور یہ ڈرانے کی کوشش نہیں تھی باقاعدہ پیٹرول بم پھاڑے گئے ہیں۔

اظہر صدیق نے ٹوئٹر پر اپنے گھر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میرے گھر پر پیٹرول بموں سے حملہ کیا گیا مگر میں آئین و قانون کی حکمرانی سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور مرکزی رہنما رہنما فواد چوہدری، حماد اظہر نے اظہر صدیقی کے گھر پر حملے کی مذمت کی، انہوں نے کہاکہ پیٹرول بم حملے سے انہیں ڈرانے کی کوشش کی گئی۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ اظہر صدیق ایڈوکیٹ کے گھر پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، یہ حکومت فاشزم کی ہر سٹیج سے گزر رہی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایڈوکیٹ اظہر صدیقی دلیری اور بہادری سے اس  فاشسٹ حکومت کے خلاف قانونی محاذ پر کھڑے ہیں ایسی کاروائیوں سے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

نجی ٹی وی چینل اے آر وائے سے منسلک صحافی حسن ایوب نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے اظہر صدیق کے گھر میں پیٹرول بم پھینکنے کی سی سی ٹی وی وڈیو شیئر کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکل سوال پیٹرول بم پھینک کر فرار ہورہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر