پی ٹی آئی کا عمران خان کی قیادت میں یکم مئی کو لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف  نے پارٹی  صدر پرویز الہیٰ کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار  واقعے کے بعدیکم مئی کو لاہور میں  ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہے جس کی قیادت چیئرمین عمران خان کریں گے ،حماد اظہر نے اپیل کی ہے کہ آئین کے تحفظ کی خاطر سب لوگ باہر نکلیں

تحریک انصاف نے  پرویز الہیٰ کے ساتھ پیش آئے واقعے کے بعد یکم مئی کو مزدوروں سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالنے کا اعلان کردیا جس کی قیادت سابق وزیر اعظم عمران خان کریں گے ۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وسطی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حماد اظہر نے کہا کہ  یوم مزدور کے موقع پر  پیر کے روز لاہور سے ریلی روانہ ہو گی جس کی قیادت چیئرمین عمران خان کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

چوہدری پرویز الہیٰ اور 50 نامعلوم افراد کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج

حماد اظہر نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک پیغام میں کہا کہ  یکم مئی کو  یوم مزدور کے موقع پرعمران خان کی قیادت میں  لاہور سے ایک ریلی نکالی جائے گی جس میں مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا ۔

سابق وفاقی وزیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ   مزدوروں کے عالمی  دن  پر مہنگائی اور بےروزگاری سے پسے مزدوروں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ملک کے آئین کے تحفظ کی خاطر سب لوگ باہر نکلیں۔

انہوں نے بتایا کہ  یکم مئی کو دوپہر ایک بجے لبرٹی چوک  سے ناصر باغ تک پیدل ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت سابق وزیر اعظم عمران خان کریں گے ،انہوں نے عوام سے شرکت کی اپیل کی ہے ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس اور اینٹی کرپشن حکام نے صدر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چوہدری پرویز الہٰی کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پر رات گئے چھاپہ مارا تھا ۔

پولیس کی چھاپہ مار ٹیم نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گلبرگ میں واقع رہائش گاہ کا مین گیٹ بکتر بند گاڑی سے توڑ ڈالا اور گھر میں موجود 12 افراد کو گرفتار کر لیا جن میں زیادہ تر ان کے ملازمین تھے ۔

پولیس نے رات 2 بجے تک  کارروائی کی مگر پرویز الہٰی کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی ۔پرویز الہٰی کی قانونی ٹیم کا مؤقف ہے کہ عدالت سے پرویز الہٰی کی ضمانت قبل از گرفتاری 6 مئی تک لی جاچکی ہے

سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ پنجاب پولیس میرے والد کو ایک کیس میں گرفتار کرنے کیلئے ہماری رہائش گاہ پہنچی ہوئی ہے جس کے لیے انہیں آج ضمانت مل چکی ہے۔

متعلقہ تحاریر