ضلِ شاہ قتل کیس: جسٹس علی ضیاء کی عمران خان کی درخواست ضمانت کی سماعت سے معذرت
درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران کو سیاسی وجوہات کی بناء پر جھوٹے کیس میں پھنسایا جارہا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے لاہور میں جلسے کے دوران جاں بحق ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکن ضل شاہ کے قتل سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی۔
معزول وزیراعظم نے اپنے قانونی نمائندے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست جمع کرائی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سرور روڈ تھانے میں ایک بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کو سیاسی وجوہات کی بناء پر جھوٹے مقدمے میں پھنسایا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور ہائی کورٹ نے عمران ریاض کی بازیابی کے لیے آئی جی پنجاب کو 24 گھنٹے کی مہلت دے دی
اے ٹی سی نے تین مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی
جسٹس علی ضیاء باجوہ نے ذاتی وجوہات کی بناء پر درخواست کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا اور درخواست کو دوسرے بینچ کے سامنے نمٹانے کے لیے فائل چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بھیج دی۔
عمران خان نے اپنی درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے عبوری ضمانت کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔
اس سے قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے سابق وزیراعظم عمران خان کو تین مقدمات میں 2 جون تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔