پی ٹی آئی سے علیحدگی کے باجود جمشید چیمہ دوبارہ گرفتار، مسرت چیمہ کا سخت ردعمل
پی ٹی آئی پنجاب کی سابق انفارمیشن سیکرٹری مسرت چیمہ نے کہا کہ پریس کانفرنس کرنے کے باوجود جمشید اقبال چیمہ کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا جبکہ سیاست سے علیحدگی ہمارا حق ہے مگر ہمیں محروم رکھا جا رہا ہے

پاکستان تحریک انصاف کی سابق انفارمیشن سیکرٹری پنجاب مسرت چیمہ نے کہا ہے کہ ہم سیاست سے علیحدگی اختیار کرنا چاہتے ہیں مگر ہمیں اس سے محروم رکھا جا رہا ہے ۔
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما جمشید اقبال چیمہ کو جمعہ کے روز 9 مئی کو ہونے والے پرتشدد واقعات میں مبینہ طور پر ملوث ہونے پر حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
9 مئی فسادات کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ سے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور
جمشید چیمہ کی گرفتاری انسداد دہشت گردی کی عدالت سے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے بعد ہوئی، جس نے 9 مئی کے فسادات پر ان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
جمشید چیمہ کی اہلیہ، سابق رکن پنجاب اسمبلی مسرت چیمہ نے ٹوئٹر پوسٹ میں کہا کہ ہمارا حق ہے کہ ہم سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلیں مگر ہمیں اس محروم رکھا جارہا ہے۔
جمشید اقبال چیمہ صاحب کو آج پھر گرفتار کر لیا گیا ہے. یہ دراصل پریس کانفرنس کرنے والوں کو پیغام ہے کہ آپ سیاست بھی چھوڑ دیں تو بھی آپ کے ساتھ مال غنیمت والا سلوک جاری رہے گا. ہمارا حق ہے کہ ہم سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لیں اور ہمیں اس سے بھی محروم رکھا جارہا ہے.
— Musarrat Cheema (@MusarratCheema) June 23, 2023
انہوں نے بتایا کہ جمشید اقبال چیمہ کو آج پھر گرفتار کرلیا گیا ہےجو کہ دراصل پریس کانفرنس کرنے والوں کو پیغام ہے کہ آپ سیاست بھی چھوڑ دیں تو ہم نہیں چھوڑیں گے ۔
پی ٹی آئی پنجاب کی سابق انفارمیشن سیکرٹری نے کہا کہ جمشید چیمہ کی گرفتاری اس بات کا واضح ثبوت ہےکہ سیاست چھوڑنے کے بعد مال غنیمت والا سلوک جاری رہے گا۔
عمران خان سے اپنی راہیں جدا کرنے والی مسرت چیمہ نے پرشکوہ انداز میں کہا کہ پہلے ہمارے ساتھ جیل میں سیاسی قیدیوں کی بجائے جنگی قیدیوں والا سلوک روا رکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
اسحاق ڈار آپے سے باہر؛ آئی ایم ایف سے متعلق سوال پر صحافی پر تھپڑ برسادیئے
یاد رہے کہ جمشید چیمہ کی گرفتاری اے ٹی سی کے جاری کردہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے بعد کی گئی ہے۔پی ٹی آئی رہنما 9 مئی کے واقعات میں ملوث تھے ۔
پولیس حکام کے مطابق جمشید چیمہ کے خلاف ماڈل ٹاؤن، نصیر آباد اور گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں 9 مئی کی ہنگامہ آرائی سے متعلق متعدد مقدمات درج ہیں۔