کوٹ مومن: وین میں گیس سلنڈر کا دھماکہ، 7 افراد جاں بحق، 13 زخمی
گیس کی شدت کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی جس کی وجہ سے جانی نقصان زیادہ ہوا۔
کوٹ مومن کے قریب افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے ، وین کے اندر گیس سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں کم از کم سات افراد جاں بحق جبکہ 13 دیگر مسافر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ بظاہر گیس سلنڈر کا لگتا ہے جو ایک مسافر اپنے ساتھ لے کر وین میں چڑھا تھا۔
تفصیلات کے مطابق بدقسمت وین ، جس میں متعدد مسافر سوار تھے، بھلوال سے کوٹ مومن جا رہی تھی، جو اپنے معمول کے مطابق راستے سے گزر رہی تھی کہ حادثے کا شکار ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیے
اے ٹی سی کا عمران خان کو جناح ہاؤس آتشزدگی کیس میں شامل تفتیش ہونے کا حکم
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے بشریٰ بی بی کو کرپشن الزامات پر طلب کر لیا
عینی شاہدین نے ایک بہرے کردینے والے دھماکے کی آواز سنی ، جس کے بعد آگ نے تیزی سے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آگ کے شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے۔
شدید آگ تیزی سے پھیلی
حادثے کے فوری بعد مقامی انتظامیہ ، پولیس فائر فائٹرز ، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ، جنہوں نے فوری طور پا امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ، جبکہ معمولی زخمی افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی۔
آگ بجھانے والے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا جس سے مزید جانی نقصان ہونے سے بچ گیا۔
پولیس کی جانب سے جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
واقعے کے بعد نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے بس میں آتشزدگی کی جامع تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کمشنر اور آر پی او (ریجنل پولیس آفیسر) سرگودھا سے تفصیلی رپورٹ طلب کی۔
مزید برآں، انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ زخمی افراد کو اعلیٰ معیار کی طبی امداد فراہم کی جائے۔