چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاٗ کے خلاف مقدمہ درج
وکیل عمیر احمد خان نیازی اور وکیل شیر افضل مروت کے خلاف درج مقدمے میں مجموعی طور پر تین دفعات شامل کی گئی ہیں۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے وکلاٗ کے خلاف تھانہ اٹک سٹی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وکلاٗ کے خلاف تھانہ اٹک سٹی میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جن دو وکلاٗ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ، ان میں وکیل عمیر احمد خان نیازی اور وکیل شیر افضل مروت شامل ہیں۔
تھانہ اٹک سٹی میں مقدمہ ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اٹک جیل کی جانب سے کرایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی رہنما افتخار درانی کو گرفتار کرلیا، بیٹے کا دعویٰ
9 مئی ہنگامہ آرائی کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کا جے آئی ٹی کے سامنے بیان ریکارڈ
ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اٹک جیل کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق مذکورہ دونوں وکلاٗ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے زبردستی جیل کی حدود میں داخل ہو گئے۔
دونوں وکلاٗ کو بتایا گیا کہ جیل ملاقات کا وقت ختم ہوچکا ہے ، جس پر دونوں وکلاٗ حملہ آور ہو گئے اور انہوں نے جیل ملازم کی وردی بھی پھاڑ دی۔
وکیل عمیر احمد خان نیازی اور وکیل شیر افضل مروت کے خلاف درج مقدمے میں مجموعی طور پر تین دفعات شامل کی گئی ہیں۔
درج ایف آئی آر میں جیل ملازم کو دھمکیاں دینے اور حملہ آور ہونے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔