پی ٹی آئی اور ق لیگ کے امیدوار واثق قیوم عباسی بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب

پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ رکن پنجاب اسمبلی علی حیدر گیلانی مقررہ وقت پر کاغذات جمع نہیں کرا پائے تھے۔

پی ٹی آئی اور اتحادی جماعت ق لیگ کے امیدوار واثق قیوم عباسی بلا مقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔ پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی علی حیدر گیلانی نے مقررہ وقت پر کاغذات جمع نہیں کرائے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے ڈپٹی اسپیکر کے لئے پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی علی حیدر گیلانی کو نامزد کیا تھا، علی حیدر گیلانی ڈپٹی اسپیکر کے لئے اپنے کاغذات مقررہ وقت پر جمع نہیں کرائے جس کی وجہ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں حکومتی اتحاد کے امیدوار واثق قیوم بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

اسپیکر پنجاب اسملبی کا انتخاب لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج، سماعت پیر کو مقرر

عنایت اللہ لک سیکرٹری پنجاب اسمبلی تعینات

قبل ازیں ڈپٹی اسپیکر کےانتخاب حکومتی اتحاد کے امیدوار واثق قیوم نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے تھے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی ندیم عباس بارا، سید یاور عباس بخاری اور دیگر بھی موجود تھے۔

وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر واثق قیوم عباسی کو مبارکباد دی ہے۔ چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے سیاسی محاذ پر مسلسل کامیابیوں پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہیں- نیت نیک اور ارادے پختہ ہوں تو اللہ تعالیٰ کامیابیاں عطا کرتا ہے-

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا کہنا ہے اپوزیشن نے یقینی شکست کے ڈر سے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لئے کاغذات جمع نہیں کرائے۔  پنجاب میں غیر آئینی و غیر قانونی حکومت اپنے انجام کو پہنچ گئی- پے درپے شکست اپوزیشن کے لئے نوشتہ دیوار ہے- امید ہے کہ نوجوان نومنتخب ڈپٹی اسپیکر واثق قیوم عباسی پنجاب اسمبلی کی تابندہ روایات کو مزید آگے بڑھائیں گے-

واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے سبطین خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے، نو منتخب اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان نے اجلاس کی کاروائی چلاتے ہوئے منحرف رکن پنجاب اسمبلی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر کاروائی شروع کی جوکہ 186 اراکین کے ووٹوں سے کامیاب قرار پائی اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب اتوار کے روز مقرر کیا گیا تھا۔

متعلقہ تحاریر