ایون فیلڈ کیس ختم ، پاسپورٹ بھی مل گیا، چار روز میں مریم نواز کیلئے دوسری خوشخبری
لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کی ہدایت کردی۔ پچھلے چار روز میں مریم نواز کو عدالتوں سے دوسرا بڑا ریلیف مل گیا۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں ان کی بریت کے احکامات جاری کیے تھے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے رہنما ن لیگ مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا پاسپورٹ واپس کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
قیام امن اور استحکام کےلیے علماء کا کردار بہت اہم ہے، صدر مملکت
فواد حسین فواد نے مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ کے عہدے سے ہٹانے کی وجہ بتا دی
مریم نواز کا پاسپورٹ ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل لاہور ہائی کورٹ کے پاس جمع ہے ، کیونکہ لاہور ہائی کورٹ نے یہ شرط رکھی تھی کہ چوہدری شوگر مل کیس میں ضمانت کے لیے ، مریم نواز کو 7 کروڑ روپے اور اپنا پاسپورٹ عدالت میں جمع کرانا ہوگا، جس کے بعد ان کا پاسپورٹ اکتوبر 2019 سے لےکر اب تک لاہور ہائی کورٹ میں ہے۔
اُسی پاسپورٹ کی واپسی کے لیے مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی۔
تاہم اب عدالت نے ڈپٹی رجسٹرار کو حکم دیا ہے کہ وہ مریم نواز کو ان کا پاسپورٹ واپس کردیں۔
اس موقع پر وفاقی حکومت کے وکیل کا عدالت میں کہنا تھا انہیں اس بات پر کوئی اعتراض نہیں ہے اگر مریم نواز کو ان کا پاسپورٹ واپس کردیا جاتا ہے۔
عدالت میں بیان دیتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا نئی ترمیم کی روشنی میں اب یہ کیس نیب کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا مریم نواز کے خلاف کوئی نئی تفتیش بھی زیر التوا نہیں ہے، اور نہ ہی پاسپورٹ رکھنے کی ضرورت ہے۔
حکومتی وکیل اور نیب کے پراسیکیوٹر کے اعتراضات نہ آنے پر لاہور ہائی کورٹ نے مریم نواز کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا۔









