انکل پاپا کو نہیں بتانا وہ پہلے ہی بیمار ہیں، اسکول کے باہر بیٹھے بچوں کی اپیل

لاہور کے الائیڈ اسکول کی انتظامیہ نے تین ماہ کی فیس نہ بھرنے پر دو بھائیوں کو اسکول سے نکال دیا۔

فیس نہ بھرنے کے سبب لاہور کے الائیڈ اسکول سے نکالے گئے دو بچوں کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو نے ہر پاکستان کے دل کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔ واضح رہے کہ الائیڈ اسکول کے مالک دنیا نیوز چینل کے مالک میاں عامر محمود ہیں۔

لاہور کے الائیڈ اسکول کے باہر بیٹھے دو بھائیوں کی ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فیس کی عدم ادائیگی پر اسکول سے نکالے گئے دو بھائی سڑک کنارے بیٹھے ہیں۔

اسکول کے باہر بیٹھے بچوں کی  ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالنے والے شخص نے جب ایک بچے سے سوال کیا کہ "کیا کررہے ہیں یہاں۔؟ اس پر بچے نے جواب دیا بیٹھے ہوئے ہیں۔”

یہ بھی پڑھیے

شہباز شریف اور حمزہ شہباز ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں بری

سابق گورنر پنجاب کو مشیر داخلہ پنجاب بنانے کا فیصلہ

اس شخص نے دوبارہ سوال کیا کہ "کیوں اسکول نہیں گئے۔؟ اس پر بچے نے جواب دیا نہیں۔ پھر سوال ہوا کیوں۔؟ بچے نے جواب دیا کیونکہ اسکول والے اندر آنے نہیں دے رہے۔ پھر سوال ہوا کیوں اسکول کیوں نہیں آنے دے رہے۔؟ بچے نے جواب دیا فیس نہیں جمع کرائی۔”

اس شخص نے پھر سوال کیا کس چیز کی۔؟ بچے نے جواب دیا اسکول کی۔ سوال ہوا کس نے۔؟ جواب ملا پاپا نے۔ سوال ہوا کیوں ، پاپا کیا کام کرتے ہیں۔؟ بچے نے جواب دیا پاپا پی آئی اے میں تھے ، انہوں نے نکال دیا ، اب گھر پر ہیں اور بیمار ہیں۔ پھر سوال ہوا پھر آپ گھر کیوں نہیں گئے۔؟ جواب آیا وہ پاپا کو پریشان نہیں کرنا۔”

ویڈیو بنانے والے شخص نے کہا چلیں میں آپ کے پاپا کو بتاتا ہوں۔؟ بچے نے فوراً جواب دیا نہیں نہیں وہ اور پریشان ہو جائیں گے۔ سوال ہوا کب سے بیٹھے ہو۔ اسکول والے کیا کہہ رہے ہیں۔؟ بچے نے جواب دیا صبح سے بیٹھے ہیں ، اسکول والے کہہ رہے کہ جب تک آپ فیس جمع نہیں کراؤ گے تب تک آپ کو اسکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔”

اس شخص نے پھر سوال کیا کتنے مہینے کی فیس ہے۔؟ بچے نے جواب دیا 3 ماہ کی فیس ہے۔ بچے نے بتایا کہ پیسے ہی نہیں ہیں تو فیس کہاں سے جمع کرائیں گے۔

سماجی حلقوں کا کہنا ہے دنیا کو اخلاقات کا درس دینے والے دنیا نیوز چینل کے مالک میاں عامر محمود کے اسکول کی انتظامیہ اتنی بےحس بھی ہوسکتی ہے سوچا نہیں تھا ، کہ فیس نہ بھرنے کے وجہ سے بچوں کو اسکول سے نکال دیا۔ بچے بھی کیسے خوددار ہیں کہ والد کی نوکری نہ ہونے کے سبب انہیں اپنی پریشانی سے آگاہ بھی نہیں کررہے۔

متعلقہ تحاریر