پنجاب حکومت کا احسن اقدام ، 55 ہزار سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم کا اجراء
چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے پچھلی دفعہ بھی اللہ نے موقع دیا تھا، متاثرین کو 12 ارب سے زائد دینگے، 47 ہزار سے زائد کچے گھر کے مالکان کو 2 لاکھ روپے اور 8 ہزار پکے گھر مالکان کو 4 لاکھ روپے فی کس دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے 55 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کیلئے امدادی رقم کے اجراء کا آغاز کر دیا۔ چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک، ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور سفیروں نے بھی ا مدادی پروگرام کی تعریف کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی دفعہ بھی اللہ نے موقع دیا تھا، کام کئے لیکن شہباز شریف کی طرح ڈھول نہیں پیٹا۔ شہباز شریف سیلاب متاثرین کے پاس گیا تھا، فوٹو وغیرہ کھینچوا کر واپس آگیا۔ شہباز شریف کو پروٹوکول کا بہت شوق ہے۔
یہ بھی پڑھیے
لاہور ہائیکورٹ سے سنیارٹی کی بنیاد پر آرمی چیف کے تقرر کے لیے درخواست مسترد
منی لانڈرنگ کیس: ملزمان کے وکیل کی عدم پیشی پر سماعت 25 نومبر تک ملتوی
چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ بڑی ”برکت“ والے ہیں شہباز شریف جس سے ہاتھ ملاتے ہیں وہ افسر چلا جاتا ہے۔ کیا فائدہ آپ کی حکومت کا اگر صوبے کی مدد نہیں کرنا یا کوئی اچھا افسر نہیں دینا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 55 ہزار 400 سیلاب متاثرین کو مجموعی طور پر 12 ارب 20 کروڑ روپے کی امداد دے رہے ہیں۔ سیلاب میں تباہ ہونے والے47 ہزار 500 کچے گھر کے مالکان کو 2 لاکھ روپے اور 8 ہزار پکے گھر مالکان کو 4 لاکھ روپے فی کس دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اخوت کے علاوہ دیگر دینی این جی اوز نے بھی سیلاب متاثرین کیلئے قابل قدر کام کیا۔ پاکستان آرمی، نیوی اور ائیرفورس نے متاثرین سیلاب کیلئے قابل قدر کام سرانجام دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے خود ڈی جی خان کے علاقوں میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ لوگوں کے ہزاروں مکان، مساجد اور سکول بہہ گئے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے پروگرام میں معاونت کرنیوالے تمام افسروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ثانیہ نشتر نے 2 ماہ میں ڈسٹری بیوشن کا شاندار سسٹم وضع کیا۔ متاثرین کی امداد کے پروگرام کی شفافیت بے مثال ہے، پورا ریکارڈ پی ڈی ایم اے سسٹم پر موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام عمران خان کا پودا ہے جو درخت بننے جا رہا ہے، بے بس لوگوں کی مدد کے کام سے دوسروں کاموں میں برکت ہوتی ہے۔
وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا کہ 3 ماہ میں سال جتنا کام کرکے دکھا دیا جس سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو پہلے بھی مفت تعلیم اور کتابیں دیں، اب بھی گریجوایشن تک مفت تعلیم دے رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی طالبات کو پہلے سے تین گنا زیادہ وظیفہ دیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ہم نے مل کر ٹیلی تھون کی تو مثالی فنڈ ملے۔ کسی اور نے ٹیلی تھون کی جرأت نہیں کیونکہ پتہ تھا عوام نے انہیں کچھ نہیں دینا۔ عمران خان کے پاس سندھ کیلئے ایک ارب روپے کا چیک ہے، سندھ حکومت نے ابھی تک سروے نہیں کیا۔ امدادی رقم ایسے سندھ کو دی تو اس کا پتہ ہی نہیں چلنا۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پتہ نہیں کتنے دن ہیں، لیکن جتنے دن بھی رہیں گے عوام کی خدمت کریں گے۔ اللہ تعالیٰ نیت دیکھ کر اجر دیتا ہے۔ ہر روز جائزہ لیتا ہوں کہ آج میں نے عوام کیلئے کیا کیا۔ جو کام رہ جاتے ہیں وہ اگلے دن کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس پروگرام میں کرپشن روکنا سب سے بڑا چیلنج تھا۔ ماضی میں سوشل پروٹیکشن ڈیٹا سیاسی بنیادوں پر مرتب کیا جاتا تھا۔ ڈیٹا انٹری میں اقربا پروری اور سیاسی تعصب کا خاتمہ کر دیا۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کیلئے ہر ادائیگی کا سی سی ٹی وی کیمرے کے ذریعے ریکارڈ رکھا جائے گا۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ اجتماعی کاوش سے امداد کا مربوط اور شفاف میکانزم مرتب کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب بینک کے خصوصی کاؤنٹر پر جا کرامدادی رقوم کی ادائیگی کے پروگرام کا باقاعدہ آغازکیااور تونسہ، جام پور، کوٹ چھٹہ، راجن پور، روجھان کے متاثرین کو امدادی رقوم دیں۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے امدادی پروگرام میں عمدہ کارکردگی پر کمشنر ڈی جی خان لیاقت چھٹہ، ڈپٹی کمشنر، اے سی اور دیگر افسروں کو شیلڈیں دیں۔
صوبائی وزراء ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، سردار حسنین بہادر دریشک، محسن لغاری، عمر سرفراز چیمہ، ارکان اسمبلی حافظ عمار یاسر، پی ٹی آئی رہنما جمشید چیمہ، سیکرٹریز اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔