وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصلہ سازی میں دیگر صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو شکست دے دی

عوامی فلاح وبہبود کے منصوبے جلد از جلد پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں،رکاوٹ برداشت نہیں: چودھری پرویز الٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے فیصلہ سازی میں دیگر صوبوں کے وزراء اعلیٰ سے سبقت لیتے ہوئے کم وقت میں تیز ترین کام کا ریکارڈ قائم کردیا۔ صوبائی کابینہ کے 7 اجلاسوں میں 371 ایجنڈوں پر فیصلے کرکے سرکاری امور کی انجام دہی کا نیاریکارڈ بن گیا ہے۔ 4 ماہ کی قلیل مدت کے دوران لوکل گورنمنٹ کے 59، ہاؤسنگ کے 45، ہوم ڈیپارٹمنٹ کے 42، ریوینو کے 34، فنانس کے 36، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے 23 اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے 19 ایجنڈا پوائنٹس پر فیصلے کرکے نمٹایا گیا۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے عوام کی فلا ح و بہبود کیلئے فوری فیصلے کئے۔ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت کابینہ میٹنگز کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے 4 گھنٹے طویل  اجلاس منعقد ہوا۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی پارلیمانی کردار ادا کرنے کو تیار ہے لیکن حکومت سنجیدہ نہیں، شاہ محمود قریشی

بیرون ممالک سے ملنے والے تحائف سے متعلق پالیسی تبدیل کرنے کی تجویز سامنے آگئی

سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں نے فیصلوں پر ہونے والی پیشرفت پر رپورٹس پیش کیں۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے جلدازجلد پایہ تکمیل کو پہنچائے جائیں،رکاوٹ برداشت نہیں۔ بھرتیوں کے لئے ضروری کارروائی جلدازجلد مکمل کی جائے۔ محکمہ صحت اور تعلیم کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس اور بھرتیوں کو ترجیح دی جائے۔

وزیراعلیٰ نے گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے مختلف محکموں کے لئے قانون سازی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ چنکارا کے شکار کیلئے غیرملکی شکاریوں کیلئے آئندہ سیزن میں فیس 25 ہزار ڈالر مقرر کی جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 850 ملین ڈالر کی فارن فنڈنگ سے بڑے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ پنجاب اوپن لینڈ ان ہانسمنٹ سسٹم فارن فنڈنگ کے ذریعے نافذ ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کیلئے ورلڈ بینک 200ملین ڈالر دے گا۔افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ میں سرکاری ملازمین کو ریٹائرمنٹ پر گھر ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا میں 20 سینٹر آف ایکسی لینس قائم کئے جائیں گے۔ پولیس اور دیگر محکموں میں ڈرونز ٹیکنالوجی کے ذریعے ویجیلنس کی جائے گی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 825 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے اور لوکل گورنمنٹ کے 323 منصوبوں کیلئے ٹینڈر ہوچکے ہیں۔

اسٹامپ ڈیوٹی میں 100 فیصد کمی کرنے سے رجسٹریشن میں 70 فیصد اضافہ نوٹ کیاگیا ہے۔

چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اسد اللہ خان، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز خزانہ، ہائیر ایجوکیشن، لوکل گورنمنٹ، زراعت، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، جنگلات، پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ، ٹرانسپورٹ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ تحاریر