حمزہ شہباز نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے دو نام گورنر پنجاب کو ارسال کردیئے
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی جانب سے سینئر صحافی محسن رضا نقوی اور سابق بیوروکریٹ احد چیمہ کے نام بلیغ الرحمان کو ارسال کیے گئے ہیں۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کا معاملہ ، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نام فائنل کرلیے ، ناموں کی فہرست گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو ارسال کردی گئی۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے دو نام سید محسن رضا نقوی اور احد چیمہ کے فائنل کرکے گورنر پنجاب کو ارسال کردیئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ہم نے اعتماد کا ووٹ لے لیا اب شہباز شریف کی باری ہے، چوہدری پرویز الہیٰ
زندگیاں بدلنی ہیں تو ووٹ ضرور کاسٹ کریں، عمران خان کا سندھ کی عوام کےنام پیغام
حمزہ شہباز نے مزید گفتگو کے لیے رہنما ن لیگ ملک احمد ملک کو اپنا فوکل پرسن مقرر کردیا ہے۔
محسن رضا نقوی کی بات کی جائے تو وہ ایک سینئر صحافی ہیں جبہ احد چیمہ کی بات کی جائے تو وہ سینئر بیوروکریٹ رہ چکے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جو نام مسلم لیگ ق نے دیئے ہیں اور جو دو نام مسلم لیگ ن نے دیئے ہیں ان میں سے کسی بھی نام پر اتفاق ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق) نے ن لیگ کے بھیجے گئے ناموں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے چوہدری پرویز الہیٰ نے ناصر سعید کھوسہ ، محمد نواز سکھیرا اور نصیر خان کے نام گورنر پنجاب کو بھیجے گئے تھے۔
رولز آف لاء کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر کو تین روز کے اندر اندر کسی ایک نام پر اتفاق کرنا تھا جب کہ آج آخری روز ہے اور ن لیگ نے آج ہی نام گورنر کو بھیجے ہیں۔
جس کا صاف مطلب نکلتا ہے کہ ن لیگ ڈیلے ٹیکٹکس استعمال کررہی ہے تاکہ معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس چلا جائے اور الیکشن کمیشن اپنی مرضی کی شخصیت کو نگراں وزیراعلیٰ نامزد کردے۔