حکومت توشہ خانہ تحائف خفیہ ہونے سے متعلق مطمئن کریں، لاہور ہائیکورٹ
عدالت عالیہ نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسار کیا ہے کہ کیا توشہ خانہ کی تفصیلات منظرعام پر لانے سے ملکی سلامتی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ، مطمئن کریں۔؟

توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والی شخصیات کی تفصیلات فراہم کرنے کے حوالے سے درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ نے سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والی شخصیات کی تفصیلات فراہم کرنے کے حوالے سے درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، جسٹس عاصم حفیظ نے منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو توشہ خانہ کے ریکارڈ کے ساتھ بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
یہ بھی پڑھیے
غیرمسلموں کو مردم شماری میں الگ شناخت دی جائے، این جی او کا لاہور ہائیکورٹ سے مطالبہ
راجہ ریاض کی بطور قائد حزب اختلاف کی حیثیت لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
جسٹس عاصم حفیظ نے کہا کہ توشہ خانہ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کا بیان حلفی دیں کہ کیسے یہ تحائف خفیہ ہیں ، اگر عدالت مطمئن ہوئی کہ واقعی یہ تحائف خفیہ ہونے چاہیے تو عدالت سے پبلک کرنے کا حکم نہیں دے گی۔
جسٹس عاصم حفیظ کا کہنا تھا کہ آپ نے جواب میں لکھا ہے کہ توشہ خانہ کے تحائف منظر عام پر آنے سے میڈیا ہائپ بن جاتی ہے، کیا صرف یہ وجہ ہے کہ توشہ خانہ کے تحائف خفیہ رکھا جاتے ہیں ؟ اس میں ملکی سلامتی اور بین الاقوامی تعلقات کہاں سے آگئے۔
جسٹس عاصم حفیظ نے استفسار کیا کہ اگر ایک بی ایم ڈبلیو کی گاڑی کا تحفہ آتا ہے کہ اور کہا جاتا ہے کہ اسکے بدلے ایل این جی کا ٹھیکہ دیں تو پھر کیا ہوگا ؟
دوسری طرف توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے کے کیس میں کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے ہائیکورٹ میں جمع کروائے گیے جواب کی کہ کاپی نیوز 360 نے حاصل کرلی۔
کیبنیٹ ڈویژن کے جواب کے مطابق 2015 میں وزیر اعظم آفس نے توشہ خانہ کی تفصیلات کو خفیہ رکھنے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا۔ تفصیلات پبلک ہونے سے میڈیا ہائپ بنے گی جس سے بین الاقوامی تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں ، توشہ خانہ کے تحائف کو انفارمیشن آرڈینس 2002 کے سیکشن 15 کے تحت تحفظ حاصل ہے۔
کیبنٹ ڈویژن نے متعدد پرائیویٹ افراد کی جانب سے توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست مسترد کی ، کیبنٹ ڈویژن نے متعدد بار وزیراعظم آفس کو توشہ خانہ کے تحائف پبلک کرنے کی درخواستوں کے حوالے سے آگاہ کیا ، وزیراعظم آفس نے بین الاقوامی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے توشہ خانہ کے حوالے سے نئی پالیسی بنانے کےلیے وزارت داخلہ میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کیبنٹ ڈویژن کے مطابق توشہ خانہ کے حوالے سے نیا ڈرافٹ تیار ہوچکا ہے جو منظوری کے لیے کابینہ ممبران کو دیا جائے گا۔
عدالت سے استدعا کی کہ توشہ خانہ کے حوالے سے نئی پالیسی کی وفاقی کابینہ سے منظوری تک کیس ملتوی کرے، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی۔









