سندھ میں گیس لوڈشیڈنگ، پیپلزپارٹی کا وزیر پٹرولیم مصدق ملک کی برطرفی کا مطالبہ

سندھ میں 20 روز سے گیس کی عدم فراہمی پر شدید مشکلات کا سامناہے ، وزیر پٹرولیم اور ایم ڈی سوئی سدرن اپنے وعدوں پر عملدرآمد نہیں کرسکے۔

سندھ میں جاری گیس کے بدترین بحران کے باعث صوبے کی حکمراں جماعت پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت سے پٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وزیرمملکت مصدق ملک اور ایم ڈی سوئی سدرن کو ان کے عہدوں سے  ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا  ہے کہ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک اور ایم ڈی سوئی سدرن گیس کمپنی اپنے وعدوں اور اعلانات پر عملدرآمد میں ناکام رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سانگھڑ میں ہندو لڑکی کو مبینہ طور پر بندوق کی نوک پر اسلام قبول کرانیکا انکشاف

نیوکراچی انڈسٹریل ایریا کی تین فیکٹریوں میں آتشزدگی، 4 فائر فائٹرز جاں بحق

 

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے پہلے 20 روز میں گیس کی عدم فراہمی کے باعث سندھ کے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، یہ امر افسوسناک ہے کہ ملک میں گیس کی 70 فیصد ضروریات پوری کرنے والا صوبہ خود گیس سے محروم ہے۔

سینیٹر وقار مہدی کے بیان پر حکومت سندھ کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم حکومتی ذرائع نے یہ یقین ظاہر کیا ہے کہ یہ حکومتِ سندھ کا مطالبہ نہیں ہے بلکہ عوام کی مشکلات کو مدِنظر رکھتے ہوئے پیپلزپارٹی کا مطالبہ ہے۔

سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ ہم وزیر اعظم سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سندھ میں گیس بحران کے معاملے پر فوری اجلاس بلائیں اور وزیر مملکت سے اس حوالے سے اقدامات پر وضاحت طلب کریں، اگر وزیرِ پیٹرولیم عوام کو درپیش مسائل حل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تو ان کی جگہ کسی اہل رکن قومی اسمبلی کو تعینات کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے موجودہ ایم ڈی کی تعیناتی پر بھی فوری نظرثانی کی جائے اور عوام کے مسائل کا احساس کرنے والے اعلیٰ افسر کو تعینات کیا جائے تاکہ سندھ کے عوام کو کم از کم کھانا پکانے کے لیے تو گیس کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

متعلقہ تحاریر