کراچی سمیت سندھ میں خواتین و بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ
سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے جاری کردہ اعداد و شمار میں کہا گیا کہ چار ماہ میں بچوں سے جنسی زیادتی کے 67 اور 142 تشدد کے کیسز رپورٹ ہوئے ،صوبے میں 529 خواتین کو اغوا کیا گیا جبکہ غیرت کے نام پر 37 عورتوں سے جینے کا حق چھین لیا گیا
کراچی سمیت سندھ بھر میں گزشتہ چار ماہ کے دوران سندھ میں خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد اور جنسی زیادتیوں اور غیرت کے نام پر قتل کے کیسز میں بے انتہا اضافہ ہوگیا ۔
سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(ایس ایس ڈی او ) کے اعداو شمار کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی زیادتی کیسز میں اضافہ ہوا ۔
یہ بھی پڑھیے
طالب عملوں سےجنسی زیادتی کرنے والا سارنگ شر باعزت بری؛ شہریوں کی عدالت پر لعنت ملامت
سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے مطابق گزشتہ چار مہینوں میں سندھ میں جنسی زیادتی کے 56 واقعات رپورٹ ہوئےجبکہ غیرت کے نام پر 37 خواتین قتل ہوئیں۔
این جی او کے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سندھ میں بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے 67 واقعات ریکارڈ ہوئے جبکہ 529 خواتین کو اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا ہے ۔
غیر سرکاری تنظیم ایس ایس ڈی او کی رپورٹ کے مطابق سندھ میں یکم جنوری سے 30 اپریل تک خواتین پر تشدد کے 771 اور بچوں پر تشدد کے 142 کیسز رپورٹ کیے گئے ۔
این جی او کے مطابق کراچی کے ضلع سینٹرل اور کیماڑی جبکہ حیدر آباد کے مختلف اضلاع میں خواتین کے خلاف جرم اور تشدد کے واقعات میں بہت تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
کراچی کے ضلع سینٹرل میں خواتین پر تشدد کے 63 جبکہ ضلع کیماڑی میں 58 واقعات ریکاڑد کیے گئے جبکہ حیدر آباد میں خواتین کے خلاف تشدد کے 54 واقعات رپورٹ ہوئے ۔
یہ بھی پڑھیے
خاتون سینیٹر لیڈیا تھورپ سے ایوان میں جنسی زیادتی کے الزامات پر آسٹریلیا میں ہلچل مچ گئی
سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ کے مطابق کراچی میں بچوں پر تشدد کے142 واقعات ہوئے جس میں کراچی ساؤتھ کے21 کیماڑی کے16 اور ویسٹ کے 13 واقعات شامل ہیں۔
چار ماہ کے مختصر عرصے میں گھریلو تشدد کے 119 اور بچوں کے اغوا کے 41 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ بچوں کی شادی کے16 اور چائلڈ لیبر کے 14 کیسز رپورٹ ہوئےہیں۔