میئر کراچی کے انتخاب میں غیرحاضر 11 ارکان سٹی کونسل کی پی ٹی آئی سے چھٹی

پی ٹی آئی سے نکالے گئے ارکان  سٹی کونسل  میں اسد امان اللہ، صلاح الدین، امجد علی، عاصم حیدر، اسلم نیازی، زبیر موسیٰ اور سلیمان خان، عزیز اللہ، عبدالغنی اور خواتین کی مخصوص نشست پر منتخب صنوبر فرحان شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے میئر کراچی کے انتخاب میں غیر حاضر رہنے والے 11 ارکان سٹی کونسل  کو پارٹی سے نکال دیا ۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے یہ حکم یونین کمیٹیز  (یو سیز) کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز اور منتخب اراکین کومیئر کراچی کے الیکشن میں   اپنی موجودگی کو یقینی بنانے کی ہدایت کے بعد جاری کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پیپلزپارٹی نے جبر، دھونس اور دھاندلی سے مرتضیٰ وہاب کو میئر کراچی منتخب کرالیا

پی ٹی آئی کے اسد امان نے میئر کراچی کیلیے حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کی وجہ بتادی

یادرہے کہ میئرکراچی کے الیکشن میں تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کو ووٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم تحریک انصاف کے 31 ارکان سٹی کونسل اس روز ایوان سے غیر  حاضر  رہے تھے جس کےباعث پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب ایوان میں اکثریت نہ رکھنے کے باوجود 13 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوگئے تھے ۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب  نے شو آف ہینڈ شو کے ذریعے 173 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ   جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کے حصے میں 160 ووٹ آئے تھے۔ حاضری رجسٹر کے مطابق 332 منتخب ارکان پولنگ ا سٹیشن پہنچے جبکہ سٹی کونسل کے 34 ارکان پولنگ سٹیشن نہ پہنچ سکے۔

میئر کے انتخاب کے بعد  پی ٹی آئی نے پارٹی  پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے پارٹی ارکان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا۔تحریک انصاف نے مومن آباد ٹاؤن کے وائس چیئرمین محمد اکبر پر پارٹی کے خلاف سازش کرنے کا الزام بھی لگایا تھا۔

پی ٹی آئی سے نکالے گئے ارکان  سٹی کونسل  میں مومن آباد کے اسد امان اللہ، صلاح الدین، امجد علی، ملیر کے عاصم حیدر، صدر ٹاؤن کے اسلم نیازی، زبیر موسیٰ اور سلیمان خان، منگھوپیر کے عزیز اللہ، لیاری کے عبدالغنی اور خواتین کی مخصوص نشست  پر منتخب صنوبر فرحان شامل ہیں۔

پی ٹی آئی نے میئر کے انتخاب کے دوران غیر حاضر یونین کمیٹی کے 29 ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن میں جواب طلب کیا تھااور تسلی بخش جواب جمع کرانے میں ناکامی پر  مذکورہ کارروائی کی گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر